عوامی تحریک پی ٹی آئی کے 3 ستمبر کے مارچ میں شریک ہو گی : رہنماؤں کی ملاقات
پی ٹی آئی بھی عوامی تحریک کے 3 ستمبر کے راولپنڈی کے احتجاجی جلسے میں شرکت کریگی
خرم نواز گنڈاپور، چودھری سرور، میاں محمود الرشید، صمصام بخاری، بشارت جسپال، فیاض وڑائچ کی مشترکہ پریس کانفرنس
لاہور (29 اگست 2016) عوامی تحریک 3 ستمبر کو تحریک انصاف کے پاکستان مارچ میں اور پی ٹی آئی 3 ستمبر کو راولپنڈی میں ہونے والے عوامی تحریک کے قصاص و سالمیت پاکستان احتجاج میں شریک ہو گی۔ یہ اعلان عوامی تحریک اور تحریک انصاف کے سینئر رہنماؤں نے ایک ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تحریک انصاف کے 3 رکنی وفد جس میں چودھری محمد سرور، اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید اور سیکرٹری اطلاعات پنجاب سید صمصام حسین بخاری شامل تھے، نے عوامی تحریک کے رہنماؤں سے مرکزی سیکرٹریٹ میں ملاقات کی۔ عوامی تحریک کی طرف سے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور، صوبائی صدوربشارت جسپال، فیاض وڑائچ، مرکزی سیکرٹری اطلاعات نوراللہ صدیقی، سیکرٹری کوآرڈینیشن ساجد محمود بھٹی اور راجہ زاہد ملاقات اور گفتگو میں شریک تھے۔
خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے حوالے سے عمران خان نے ہمیشہ دو ٹوک موقف اختیار کیا ہے جس پر ہم ان کے شکر گزار ہیں اور ہمارے قصاص و سالمیت پاکستان دھرنوں میں تحریک انصاف کے سینئر رہنما اور کارکنان ہر جگہ شریک ہورہے ہیں۔ قومی ایشوز کے حوالے سے دونوں جماعتوں کے موقف میں یکسانیت ہے۔ رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے انصاف، پانامہ لیکس کے احتساب اور سالمیت پاکستان کے تحفظ کیلئے دونوں جماعتیں مل کر اپنا سیاسی، قومی کردار ادا کرینگی۔
چودھری سرور نے کہا کہ عمران خان اور ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے درمیان بھی جلد رابطہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ آج کی ملاقات بھی چیئرمین تحریک انصاف کی ہدایت پر ہورہی ہے اور عوامی تحریک کو دعوت دینے آئے ہیں۔ چودھری سرور نے کہا کہ حکومت اقتدار کی مصلحتوں کا شکار ہے اور اس کیلئے آئین، قانون اور سالمیت پاکستان کو بھی داؤ پر لگارہی ہے۔ 3 ستمبر کا احتجاج حکمرانوں کی آنکھیں کھول دے گا۔ اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید نے کہا کہ جب تک پانامہ لیکس کا احتساب اور سانحہ ماڈل ٹاؤن کا انصاف نہیں ہو گا ہم سڑکوں پر رہیں گے، احتجاج ختم کرنے کی کوئی ڈیڈ لائن نہیں ہے۔
خرم نواز گنڈاپور نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے قاتل حکمران حق حکمرانی کھو چکے ہیں، کسی بھی حکومت کی پہلی ذمہ داری عوام کے جان و مال کا تحفظ اور ان کے بنیادی حقوق کی پاسداری اور قومی خزانے کو ایمانداری کے ساتھ استعمال کرنا ہو تا ہے۔ بدقسمتی سے ان تینوں ایشوز پر حکمران صادق اور امین نظر نہیں آئے۔ ریاستی اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے ماڈل ٹاؤن میں 14 بے گناہوں کو قتل کیا گیا۔ خود کو احتساب کیلئے پیش کرنے سے انکار کیا گیا اور حکمران انصاف کے راستے کی دیوار بنے ہوئے ہیں اور ملکی دولت لوٹ کر آف شور کمپنیاں بنا رہے ہیں۔ ان بدعنوان حکمرانوں کا محاسبہ ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ 3 ستمبر کو راولپنڈی میں ایک بڑا سیاسی شو ہو گا۔ ڈاکٹر طاہرالقادری خطاب کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور کے پاکستان مارچ کے حوالے سے تحریک انصاف نے ہمیں دعوت دی جو ہم نے قبول کر لی اور 3ستمبر کو راولپنڈی کے حوالے سے ہم نے تحریک انصاف کو احتجاجی جلسے میں شرکت کی دعوت دی جوانہوں نے قبول کی ہے۔ انہوں نے بتایا دونوں جماعتوں کے رہنماؤں کے درمیان مزید ملاقاتیں جاری رہیں گی۔
تبصرہ