پاکستان کی سالمیت پر حملہ ہو تو وزیراعظم ٹھنڈے، لہجہ نرم ہوتا ہے، ڈاکٹر طاہرالقادری
دوسرے راؤنڈ کا اعلان پوری دنیا سنے گی، کل 27 اگست ملتان میں قصاص
دھرنے سے خطاب ہو گا
حکمران سفید ہاتھی ہیں، اپنے ہی بوجھ تلے روندے جائیں گے، جائزہ اجلاس سے خطاب
لاہور (26 اگست 2016) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا ہے کہ سیاسی مخالفین کی تنقید کا جواب دینا ہو تو وزیر اعظم کے الفاظ اور اعتماد اور طرح کا ہوتا ہے، پاکستان کی سالمیت پر حملہ ہو تو انکا لب و لہجہ ٹھنڈا اور نرم ہوتا ہے۔ حکمران سفید ہاتھی ہیں یہ اپنے ہی بوجھ تلے روندے جائیں گے، حکمران خاندان کے خلاف بے گناہوں کو قتل کروانے اور ملکی دولت کو لوٹنے کے حوالے سے کرپشن کیسز اور نا اہلی کی درخواستیں زیر سماعت ہیں، ان کے نامہ اعمال میں 2014 سے بھی زیادہ جرائم شامل ہو چکے ہیں۔ احتجاج کا پہلا مرحلہ 28 اگست کو مکمل ہو گا دوسرے راؤنڈ کا اعلان پوری دنیا سنے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے احتجاجی تحریک کے حوالے سے منعقدہ جائزہ اجلاس کے موقع پر کیا۔
سربراہ عوامی تحریک نے احتجاجی دھرنوں، قصاص و سالمیت پاکستان تحریک میں کارکنان کے جوش و جذبہ اور عوامی حلقوں کی بھر پور شرکت پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ عوامی تحریک کے کارکنوں پر شہدائے ماڈل ٹاؤن کاخون قرض ہے اس قرض کی مکمل ادائیگی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ حکومت ٹف ٹائم میں داخل ہو چکی، کرپٹ اور قاتل حکومت کی بیساکھیاں بننے والے بھی انجام کو پہنچیں گے۔ انہوں نے کہاکہ کلبھوشن کی گرفتاری ہو، مقبوضہ کشمیر میں بربریت ہویاسانحہ کوئٹہ وزیر اعظم کے ہونٹ سلے رہتے ہیں۔ سیاسی مخالفین کو ختم کرنے کیلئے 18، 18گھنٹے کے آپریشن کرتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ میں پھر کہوں گا کہ اس بات کی تحقیقی ہونی چاہیے کہ کہیں گالیوں والی تقریر کی درخواست اسلام آباد سے تو نہیں گئی؟
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی مقامی قیادت قصاص تحریک میں شریک ہو رہی ہے ہمارے کارکنان بھی پی ٹی آئی کے مارچ میں شرکت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کے حوالے سے معافی تلافی کیلئے خاندان کے لوگ، وزراء اور باہر کی حکومتوں کے افراد کو بھی بھیجا، جس دن وزیر اعظم انکار کریں گے نام، پتے بتا دوں گا۔ انہوں نے کہاکہ قصاص و سالمیت پاکستان تحریک شہدائے ماڈل ٹاؤن کے قصاص اور 18کروڑ عوام کو انصاف ملنے تک جاری رہے گی۔
تبصرہ