قومی سلامتی کے ایشو پر اتنے بے حس حکمران پہلے کبھی نہیں دیکھے: ڈاکٹر طاہرالقادری
دہشتگردانہ واقعات ہوں یا بیانات مرکز ایک ہی ہے، کل جنوبی پنجاب میں میدان لگے گا
قاتلوں کے انجام تک تحریک قصاص جاری رہے گی، مشاورتی اجلاس سے خطاب
25 اگست ڈیرہ غازی خان میں احتجاجی دھرنا ہو گا، شیخ رشید، خرم نواز گنڈاپور قیادت کرینگے
دھرنے میں سابق وزیراعلیٰ دوست محمد کھوسہ اور سردار سیف الدین شریک ہونگے
لاہور (24 اگست 2016) پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ قومی سلامتی کے ایشوز پر اتنے بے حس اور مجرمانہ سوچ کے حامل حکمران پہلے کبھی نہیں دیکھے۔ قصاص اور سا لمیت پاکستان کی تحریک اب نہیں رکے گی۔ 25 اگست کو جنوبی پنجاب میں میدان لگے گا۔ ڈی جی خان میں درجنوں اضلاع کے عوام احتجاج کرینگے اور دھرنا دینگے۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے قاتل حکمران قانون کے شکنجے، عوام کے غضب اور اللہ کی گرفت سے کبھی نہیں بچ سکیں گے۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن کا انصاف بشکل قصاص ہو کررہے گا اور قاتل اپنے انجام کو پہنچیں گے۔ تحریک قصاص کے حوالے سے جنوبی پنجاب کے عوام آج اپنا فیصلہ سنائیں گے۔ اجلاس میں چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین، خرم نواز گنڈاپور، احمد نواز انجم، بشارت جسپال، فیاض وڑائچ، بریگیڈیئر (ر) محمد مشتاق، نوراللہ صدیقی و دیگر رہنما شریک تھے۔
اجلاس میں عوامی تحریک کے سینئر مرکزی رہنما احمد نواز انجم نے سربراہ عوامی تحریک کو رپورٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ 25 اگست کو ڈی جی خان میں عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید، سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور، جنوبی پنجاب کے صدر فیاض وڑائچ، سردار شاکر مزاری احتجاجی ریلی اور دھرنے کی قیادت کرینگے جبکہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب دوست محمد کھوسہ اور سردار سیف الدین کھوسہ خصوصی شرکت اور خطاب کرینگے۔ احتجاجی ریلی ڈی جی خان فیصل مسجد سے شروع ہو کر ٹریفک چوک پر اختتام پذیر ہو گی۔
ڈاکٹر طاہر القادری نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوامی تحریک کے انقلابی کارکنوں کی منزل ظلم اور کرپشن سے پاک پاکستان ہے۔ دہشتگردی کے واقعات ہوں یا دہشتگردانہ بیانات یہ سب ایک ہی سلسلے کی کڑیاں اور تسلسل ہے۔ ان سازشی زلزلوں کا مرکز بھی ایک ہے۔ آج کے خطاب میں اس پر تفصیل سے روشنی ڈالوں گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو کمزور کرنے کیلئے ہر طرف سے وار ہورہے ہیں، پاکستان کو توڑنے کی گریٹ گیم کے راستے کی واحد رکاوٹ پاکستان کی فوج اور اس کے محب وطن عوام ہیں۔ ناانصافی اور کرپشن نے پاکستان کی جڑیں کھوکھلی کر دیں۔ انہوں نے کہا کہ بار بار قوم کی توجہ سلامتی کے انتہائی نازک ایشوز کی طرف مرکوز کروا رہے ہیں عوام ملک بچانے اور قاتل بھگانے کی اس تحریک میں شامل ہو جائیں۔ انہوں نے کہا کہ اپنے کردار اور لوٹ مار کی دولت کو بچانے کیلئے جو حکمران سفید داڑھی والے بزرگوں، باعصمت خواتین، باکردار تعلیم یافتہ نوجوانوں پر گولیوں کی بوچھاڑ کر سکتے ہیں وہ اپنے کاروبار کیلئے کسی حد تک بھی جا سکتے ہیں یہ ملکی سلامتی کا سودا کرنے سے بھی گریز نہیں کرتے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سٹیٹ بینک کی دستاویز نے بتادیا ہے کہ دنیا بھر میں پٹرول کی قیمتوں میں 70 فیصد کمی ہوئی جبکہ پاکستان میں صرف 35فیصد قیمتیں کم ہوئیں پاکستان کے عوام سے تین سال سے پٹرولیم مصنوعات کی مد میں حکومت 35فیصد بھتہ لے رہی ہے۔ یہ حکمران نہ غریب کے دوست ہیں اور نہ ملک کے خیر خواہ ہیں۔
تبصرہ