طلال چودھری کو درباری راگ گانے میں مہارت کے باعث دربار شریفیہ میں رسائی حاصل ہے: ترجمان عوامی تحریک
لاہور
(21 اگست 2016) پاکستان عوامی تحریک کے ترجمان مرکزی سیکرٹری اطلاعات نوراللہ صدیقی
نے کہا ہے کہ طلال چودھری کو درباری راگ گانے میں مہارت کے باعث دربارشریفیہ میں رسائی
حاصل ہے۔ ڈاکٹر طاہر القادری کو پور ی دنیا اسلام اور پاکستان کے سفیر امن کے طور پر
جانتی ہے جبکہ طلال چودھری کے آقاؤں کی وجہ شہرت پانامہ لیکس، مے فیئر فلیٹس، پارک
لین کے محلات، دس سال کی ڈیل اور الحمداللہ کے ورد کے ساتھ آف شور کمپنیاں ہیں۔ انہوں
نے کہا کہ ن لیگ کے کسی سنجیدہ، فہمیدہ عہدیدار کو ڈاکٹر طاہر القادری کے انکشافات
کو رد کرنے کی جرات نہیں ہوئی۔ ماسوائے چند درباری راگ گانے میں مہارت رکھنے والوں
کے۔ انہوں نے کہا کہ جب ساری ن لیگ لاجواب ہو جاتی ہے تو طلال چودھری جیسے درباری حق
نمک خوری ادا کرنے کیلئے سامنے آجاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ طلال چودھری ڈاکٹر طاہر
القادری پر انگلی اٹھانے کی بجائے اپنے آقاؤں سے کہے کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کی قتل وغارت
گری پر معافی تلافی کیلئے وفود بھیجنا بند کر یں اور الیکشن کمیشن کو جواب دیں کہ وزیراعظم
نے 2013ء کے الیکشن میں اپنے بچوں کے اثاثے قوم سے کیوں چھپائے؟ترجمان نے کہا کہ ن
لیگ تاریخ کا قصہ بننے جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی اسٹیبلشمنٹ کے آلہ کار اقتدار
میں ہیں۔
تبصرہ