20 اگست کو 82 شہروں میں قصاص اور سالمیت پاکستان کیلئے دھرنے ہونگے : ڈاکٹر طاہرالقادری
آل شریف نے پنجاب کو دہشتگردی کا مرکز بنایا، حکمرانوں کا بال بال
کرپشن میں ڈوبا ہوا ہے
چاروں صوبوں سے کارکن سڑکوں پر نکلیں گے، سنٹرل کور کمیٹی کے اجلاس سے خطاب
ظالمانہ ٹیکسوں کا شکار تاجر اور لوڈشیڈنگ سے تنگ مزدور بھی دھرنوں میں شریک ہوں گے
لاہور (19 اگست 2016) پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا ہے کہ کل مورخہ 20 اگست کو ملک کے 82 شہروں میں قاتل حکومت کے خلاف شہدائے ماڈل ٹاؤن کے قصاص اور پاکستان کی سالمیت کیلئے ریلیاں اور دھرنے ہونگے۔ آل شریف نے پنجاب کو دہشتگردی کا مرکز بنایا، حکمرانوں کا بال بال کرپشن میں ڈوبا ہوا ہے، کرپٹ قاتل حکومت کے خلاف چاروں صوبوں سے کارکن سڑکوں پر نکلیں گے۔ ہمارے ورکرز میں جوش و خروش اور دم خم 2014 والے دھرنے سے بھی زیادہ ہے۔ ظالمانہ ٹیکسوں کا شکار تاجر، لوڈشیڈنگ سے تنگ مزدور، بیروزگاری سے پریشان نوجوان، اغواء کی وارداتوں اور پولیس مظالم کا شکار عوام ان دھرنوں میں شریک ہوں گے۔ ہمارا احتجاج قصاص، انصاف اور سالمیت پاکستان کیلئے ہے۔ شریف برادران لوٹ مار کی دولت اور ریاستی طاقت کے بے رحم استعمال سے سلطنت شریفیہ قائم کرنا چاہتے ہیں انکی طیب اردگان اور امیر المومنین بننے کی خواہش کبھی پوری نہیں ہوگی۔ پاکستان کی سالمیت کے خلاف جاسوسی کے نیٹ ورک چلانے والوں کو تحفظ دینے والے ان پانامہ کے ڈاکوؤں کو ان کے انجام تک پہنچائیں گے۔ وہ گزشتہ روز پاکستان عوامی تحریک کی سنٹرل کور کمیٹی کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔
خرم نواز گنڈاپور نے اجلاس کو ملک گیر احتجاج کے انتظامات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ 20 اگست کو لاہور، بہاولپور، فیصل آباد، اوکاڑہ، سرگودھا، رحیم یار خان، بہاولنگر، بھکر، حیدر آباد، سکھر، لاڑکانہ، بدین، جیکب آباد، پشاور، کوہاٹ، ڈی آئی خان، مانسہرہ، سبی، ڈیرہ مراد جمالی، گلگت، ڈیرہ اللہ یار، سانگھڑ، ہارون آباد، شور کوٹ، خان پور، پاک پتن، اوکاڑہ سمیت 82 شہروں میں احتجاج، دھرنے اور ریلیاں ہوں گی۔ انہوں نے بتایا کہ مرکزی سیکرٹریٹ میں کنٹرول روم قائم کر دیا گیا ہے جو تمام شہروں میں ہونیوالے احتجاج کی لمحہ بہ لمحہ معلومات حاصل کرے گا۔ خرم نواز گنڈاپور نے بتایا لاہور میں ناصر باغ سے 3 بجے ریلی چیئرنگ کراس پر دھرنے کی شکل اختیار کرے گی جہاں دیگر جماعتوں کے رہنماخطاب کرینگے۔ انہوں نے اجلاس کو بتایا کہ پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری ملک کے 82 شہروں میں بیک وقت ویڈیو لنک پر خطاب کرینگے۔ انہوں نے بتایا کہ ان احتجاجی ریلیوں اور دھرنوں میں تحریک انصاف، ق لیگ، جماعت اسلامی، مجلس وحدت المسلمین، پیپلز پارٹی، سنی اتحاد کونسل، پاکستان مسیحا پارٹی سمیت 31 جولائی کے مشاورتی اجلاس میں شریک ہونیوالی دیگر تمام جماعتوں کے رہنما اور کارکنان احتجاج میں شریک ہونگے۔
پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم ظالم نظام اور ظالم حکمرانوں کے خلاف جنگ لڑرہے ہیں۔ قصاص و سالمیت پاکستان کی تحریک انقلاب کی منزل کی طرف پیش رفت ہے۔ قصاص سے کمزوروں پر انصاف کے بند دروازے کھلیں گے۔ عدم مساوات اور ناانصافی پاکستان کے عوام کے بڑے مسائل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آل شریف کی اس حکومت نے قومی خزانہ اور ریاستی اختیارات کو یرغمال بنا رکھا ہے۔ یہ اپنے تحفظ کیلئے قوانین کو تبدیل کرتے ہیں انہیں عوام کا مفاد عزیز ہے نہ قومی وبین الاقوامی قوانین و اقدار کی پرواہ ہے۔ پاکستان ہی نہیں بیرون ملک مقیم لاکھوں پاکستانی بھی پانامہ کے چوروں کی لوٹ مار، قرض خوری، ماورائے آئین و قانون طرز حکمرانی، ناجائز قبضوں، دہشت گردی اور چور بازاری پر پریشان اور مشتعل ہیں۔ آل شریف نے پاکستان کے بین الاقوامی، اسلامی، جمہوری تشخص کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا۔ ظالم اور قاتل اپنے انجام کو پہنچیں گے تو پاکستان کے ہر شہری کا اپنے وطن پر اعتماد بڑھے گا۔ انہوں نے کہا کہ میں ایک بار پھر قاتل اور غاصب حکمرانوں کو خبردار کررہا ہوں میرے کسی کارکن کو کوئی تکلیف پہنچی تو پھر میں خود کارکنوں کے احتجاج کی قیادت کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ 20 اگست کو 82، 21 اگست کو اکیس، 25 اگست کو بارہ، 27 اگست کو سترہ شہروں میں احتجاج ہو گا۔
تبصرہ