تحریک قصاص کے انتظامات مکمل، دوپہر 2 بجے دمادم مست قلندر کا آغاز ہو گا، خرم نواز گنڈا پور
تحریک انصاف، ق لیگ، ایم ڈبلیو ایم، سنی اتحاد کونسل، جمیعت علمائے پاکستان سمیت اپوزیشن کی تمام جماعتیں شرکت کریں گی
لاہور (5 اگست 2016) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے کہا ہے کہ آج سے شروع ہونے والی احتجاجی تحریک کے تمام انتظامات مکمل ہیں، ہماری تحریک قصاص میں ق لیگ، تحریک انصاف، ایم ڈبلیو ایم، سنی اتحاد کونسل، جمیعت علمائے پاکستان سمیت 31جولائی کے اعلامیہ پر دستخط کرنے والی تمام جماعتوں کے کارکن اور رہنماء شرکت کریں گے، کیونکہ کرپٹ خاندان کے احتساب اور بے گناہوں کے قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچانے کے مسئلہ پر کسی کا اختلاف رائے نہیں ہے، وہ گذشتہ روز پاکستان عوامی تحریک کے مشاورتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ خرم نواز گنڈا پور نے کہاکہ حالیہ تحریک قصاص و احتساب منطقی انجام تک پہنچے گی کیونکہ اب حکمرانوں کے پاس دھوکہ دینے کا کوئی کارڈ نہیں بچا۔ پانامہ لیکس نے ان کے کچے چٹھے کھول کر رکھ دئیے ہیں۔ اب انکے حساب کتاب کا وقت ہے۔ انہوں نے کہاکہ عوامی تحریک کے کارکن 23 دسمبر 2012 کو مینار پاکستان پر، جنوری 2013 کے لاہور سے اسلام آباد کے لانگ مارچ اور 14 اگست 2014کے انقلاب مارچ اور 70 دن کے دھرنے اور 17 جون 2016 کے مال روڈ کے جلسے میں اپنی شاندار سیاسی قوت کا مظاہرہ کر چکے ہیں اور وہ ڈاکٹر طاہرالقادری کے ایک اشارے پر جان و مال کی قربانیاں دینے کیلئے پر عزم اور پر جوش ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ لاہور کے احتجاجی جلسے کی قیادت میں کروں گا۔ اسلام آباد آبپارہ چوک میں خواجہ عامر فرید کوریجہ احتجاجی مظاہرے کی صدارت کریں گے۔ انہوں نے بتایا لاہور میں مسجد شہدا سے اسمبلی ہال تک، اسلام آباد میں آبپارہ چوک میں، فیصل آباد میں سٹیشن چوک سے کچہری بازار تک، کراچی میں مزار قائد سے تبت چوک تک، گوجرانوالا میں لاری اڈہ سے سیالکوٹی گیٹ تک احتجاجی مارچ، جلسہ اور دھرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ کل 2بجے دوپہر سے دما دم مست قلندر شروع ہو جائے گا۔
تبصرہ