پانامہ لیکس اور سانحہ ماڈل ٹاؤن قومی المیے ہیں: خواجہ عامر فرید کوریجہ
تحریک قصاص میں 25 سیاسی جماعتوں کے کارکن شریک ہوں گے: ڈپٹی سیکرٹری جنرل
لاہور/
ملتان (03 اگست 2016) پاکستان عوامی تحریک کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل خواجہ عامر فرید کوریجہ
نے کہا ہے کہ پانامہ لیکس اور سانحہ ماڈل ٹاؤن قومی المیے ہیں۔ ظلم اور کرپشن کے خاتمے
کیلئے ذمہ داروں کا کیفر کردار تک پہنچنا ضروری ہے۔ تحریک قصاص میں 25 سیاسی جماعتیں
شریک ہونگی۔ قومی مشاورتی کانفرنس کے اعلامیہ پر دستخط کرنے والی سب جماعتوں کو احتجاج
میں مدعو کررہے ہیں۔ وہ گزشتہ روز یہاں پارٹی رہنماؤں سے گفتگو کررہے تھے۔
آل شریف کی حکومت قائم رہی تو ایسے حالات پیدا ہوجائیں گے کہ جن کی اصلاح بھی ممکن نہ ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ 2014ء میں پاکستان عوامی تحریک نے جو دھرنا دیا اور اس کے کارکنوں نے حکومتی بربریت کا مقابلہ کرکے جس طرح پاکستان کی جنگ لڑی یہ آج اسی جدوجہد کا ثمر ہے کہ اپوزیشن کی25 قومی سیاسی پارٹیوں نے حکومت پر عدم اعتماد کرتے ہوئے ایک مشترکہ اعلامیہ پر دستخط کیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شریف برادران نے ملک کو تباہی کی طرف دھکیل دیا ہے اور ان کی غیر سنجیدگی اور پالیسیوں کی وجہ سے پاکستان کے لوگ اس وقت انتہائی مشکلات کا شکار ہیں۔ لوڈ شیڈنگ عروج پر ہے، کسان اپنی فصلیں جلا رہے ہیں، لاہور میں بچو ں اغوا ہورہے ہیں، لوگ خود کشیوں اور خود سوزیوں پر مجبور ہیں، غربت میں پسی ہوئی عوام کے پاس یوٹیلیٹی بلز ادا کرنے کی بھی حیثیت نہیں رہی۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے قاتل دندناتے پھر رہے ہیں۔ ایک طرف بھارت کی پاکستان کے خلاف سازشیں عروج پر ہیں جبکہ دوسری طرف وزیر اعظم نواز شریف اور مودی کے یارانے عروج پر ہیں۔ ان حالات میں یہ بات طے ہے کہ ان حکمرانوں کے ہوتے ہوئے پاکستان میں حالات کسی صورت بہتر نہیں ہوسکتے۔
انہوں نے کہا کہ لاہور میں بچوں کے اغواء کی صورتحال پر سوشل میڈیا پر اشتہارات چلائے جارہے ہیں کہ مائیں بچوں کو باہر نہ نکلنے دیں۔ انہوں نے کہا کہ میں وزیر اعلیٰ پنجاب سے پوچھتا ہو ں کہ گڈ گورننس کے دعوے دار وزیر اعلیٰ کے اپنے شہر کا عالم یہ ہے کہ لاہور کے شہری اغوا کے ڈر سے خوف میں مبتلا ہیں۔ جبکہ حکمرانوں کو میٹرو بس اور اورنج ٹرین جیسے فضول منصوبوں سے فرصت نہیں۔
عامر فرید کوریجہ نے مزیدکہا کہ وہ 6 اگست کو پاکستان عوامی تحریک کی طرف سے لاہور کے مظاہرے میں شرکت کریں گے۔ جبکہ عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور کراچی کے مظاہرے میں شریک ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک انتہائی پرامن جماعت ہے اور ہم نے اس وقت بھی اپنے قائد ڈاکٹر طاہرالقادری کے وژن کے عین مطابق صبر کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑا جب سانحہ ماڈل ٹاؤن کے وقت ہمارے نہتے کارکنوں پر گولیاں برسائی جارہی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ 2012ء کا دھرنا ہو یا 2014ء کا دھرنا یا 17 جون مال روڈ کا دھرنا ہو عوامی تحریک کے کارکنوں کے احتجاج میں ایک گملا بھی نہیں ٹوٹا اور تحریک قصاص بھی اسی طرح پر امن ہوگی۔
خواجہ عامر فرید کوریجہ نے کہا کہ ہم مظلوم ہیں اور مقتولین کے وارث ہیں۔ ہم صرف انصاف کا حصول چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم حکمرانوں کے اس پروپیگنڈے کو مسترد کرتے ہیں کہ عوامی تحریک کے مظاہرے پرتشدد ہوں گے ہم سیاسی کارکن ہیں اور اپنے جمہوری حق کے مطابق احتجاج کررہے ہیں۔
تبصرہ