آل شریف اقتصادی راہداری پر اتفاق فاؤنڈری جیسا کنٹرول چاہتی ہے، ڈاکٹر طاہرالقادری
موجودہ حکمرانوں کی سیاست صرف دمڑی بنانا اور چمڑی بچانا ہے، سربراہ
عوامی تحریک
قومی سلامتی کے ادارے سیکیورٹی رسک حکمرانوں کو قومی سلامتی کے منصوبوں سے دور رکھیں
لاہور (02 اگست 2016) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا ہے کہ آل شریف اقتصادی راہداری منصوبہ پر اتفاق فاؤنڈری جیسا کنٹرول چاہتی ہے تا کہ جب چاہے اسے رہن رکھ سکے اور جب چاہے اپنے سیاسی، مالی اور ذاتی مفادات کیلئے اسکا سودا کر سکے۔ قومی سلامتی کے ادارے موجودہ سیکیورٹی رسک حکمرانوں کو سلامتی کے منصوبوں، تنصیبات اورایٹمی ٹیکنالوجی اور معلومات سے دور رکھیں کیونکہ ا ن کے کاروبار، اولادیں، محلات، بینک بیلنس، کاروبار پاکستان سے باہر ہیں، چمڑی اور دمڑی بچانے کیلئے کسی بھی وقت ملکی مفاد کا سودا کر سکتے ہیں۔ وہ گذشتہ روز اپنی رہائش گاہ پر پاکستان عوامی تحریک کی کور کمیٹی کے ممبران سے گفتگو کر رہے تھے۔
سربراہ عوامی تحریک نے 6 اگست سے شروع ہونے والے ملک گیر احتجاج کے انتظامات اور کارکنان کے جوش و لولہ پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہاکہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے انصاف سے انصاف کے بند راستے کھلیں گے اور آئندہ کیلئے کسی ظالم حکمران کو پر امن اور قانون پسند شہریوں پر ظلم کرنے کی جرات نہیں ہو سکے گی۔
سربراہ عوامی تحریک نے کہاکہ شریف برادران سیکیورٹی رسک ہیں کیونکہ انکے مالی مفادات بیرونی ممالک سے وابستہ ہیں، پانامہ لیکس کے بعد انکے معاشی جرائم سب کے سامنے آ چکے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پولیس والوں کو علاج معالجہ کیلئے انڈیا بھیجنے کے ہمارے ثبوتوں کا آج تک جواب نہیں آیا اور پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کے مشن لے کر پاکستان آنے والے جاسوسوں کے پکڑے جانے پر بھی وزیراعظم کے سلے ہوئے لب آج تک نہیں کھل سکے، اس لئے ہم کہتے ہیں کہ یہ حکمران سیکیورٹی رسک ہیں۔ انہوں نے کہاکہ شریف حکومت کا قومی سلامتی کے اداروں سے تصادم اور ہٹ دھرمی پر مبنی رویہ اقتصادی راہداری منصوبے کے مستقبل کیلئے خطرناک ثابت ہو سکتا ہے، کوئی اور نہیں غیر ملکی تاجروں کی یہ حکومت ترقی اور خوشحالی کے اس منصوبے کی سب سے بڑی دشمن ہے۔
انہوں نے مزید کہاکہ اقتصادی راہداری منصوبے پر چھوٹے صوبوں کے تحفظات کا ازالہ نہ کر کے شریف حکومت ایک بار پھر وفاق پاکستان پر کاری ضرب لگارہی ہے۔ ان کا مشن صرف پاکستان کو لوٹنا ہے۔ انکا پاکستان جاتی عمرہ کی سلطنت کے مضافات تک محدود ہے بقیہ ملک سے انہیں کوئی سروکار نہیں ہے۔ اقتصادی راہداری کے منصوبے سے متعلق جملہ کنٹرول قومی سلامتی کے اداروں کے ہاتھ رہا تو اس منصوبے کا مستقبل محفوظ اور روشن ہو گا۔ انہوں نے کہاکہ شریف حکومت نے منصوبہ کے مغربی روٹس کی تفصیلات اور پنجاب میں جاری منصوبوں کے پی سی ون اور دیگر مصدقہ معلومات پارلیمنٹ میں پیش نہ کر کے بد نیتی کا مظاہرہ کیا اور اس حوالے سے چھوٹے صوبے سراپا احتجاج ہیں۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ حکمران لاہور، اسلام آباد، موٹروے 500 ملین یورو کے عوض غیر ملکیوں کے پاس رہن رکھ چکے ہیں، یہ اپنے مطلب اور مفادات کیلئے کچھ بھی بیچ سکتے ہیں۔
تبصرہ