پاکستان کرپشن اور لوڈ شیڈنگ کی آگ میں جل رہا ہے، ڈاکٹر طاہرالقادری
کرپٹ نظام میں 100 الیکشن بھی ہو جائیں جمہوریت نہیں شخصی اقتدار
مضبوط ہو گا
وزیر اعظم اپنے ذریعہ معاش اور اثاثوں کے حوالے سے قوم کے سوالات کا جواب نہیں دے سکے،
گلاسگو میں گفتگو
لاہور/ گلاسگو (22 جولائی 2016) پاکستان عوامی تحریک کے سر براہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا ہے کہ موجودہ کرپٹ نظام میں 100 الیکشن بھی ہو جائیں جمہوریت نہیں شخصی اقتدار مضبوط ہو گا، جس وزیر اعظم کے حلقہ کے عوام انہیں ایماندار نہ سمجھتے ہوں وہ ملک کے کسی اور حصے میں کیسے مقبول ہو سکتا ہے؟ پاکستان کرپشن اور لوڈ شیڈنگ کی آگ میں جل رہا ہے۔ وہ گزشتہ روز گلاسگو میں پاکستانی کمیونٹی کی ممتاز شخصیات سے ملاقات کے دوران گفتگو کر رہے تھے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہاکہ جس دن ایک آزاد، خود مختار اور الیکشن کا آئینی و قانونی ڈھانچہ تشکیل پا گیا تو سیاست کے ہامان اور شداد اوندھے منہ گریں ملیں گے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہاکہ اگست کا مہینہ انتہائی اہم ہے۔ عوام ملکی خزانے کی لوٹ مار میں ملوث عناصر کا کڑا احتساب چاہتے ہیں۔ وزیر اعظم اپنے ذریعہ معاش، ملکی وغیر ملکی اثاثوں کی خریداری کے ضمن میں استعمال ہونے والی بھاری رقوم کا قانونی جواز بالخصوص پانامہ لیکس کے حوالے سے قوم کے سوالات کا جواب نہیں دے سکے۔ بادی النظر میں وہ امین اور صادق نہیں رہے انکا جواب دئیے بغیر ملک کے اعلیٰ منصب پر فائز رہنا عوام، جمہوریت اور آئین کی توہین ہے۔ ترکی، مقبوضہ کشمیر کے حالات اور ریموٹ کنٹرولڈ انتخابی نتائج پانامہ لیکس کے احتساب کے عوامی مطالبہ پر اثر انداز نہیں ہو سکتے۔ انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم پر ملکی دولت لوٹنے کا ہی نہیں بلکہ بے گناہ شہریوں کو قتل کرنے کا بھی سنگین الزام ہے وہ ماڈل ٹاؤن کے بے گناہ شہریوں کے قتل کے نامزد ملزم ہیں اور ہم شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثا کو انصاف دلوانے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ انہوں نے کہاکہ مہنگائی، غیر ملکی قرضوں سے نجات اور فوری انصاف کی فراہمی کے دعوے بھی ریت کی دیوار ثابت ہوئے موجودہ حکمران عوام کے بنیادی مسائل حل کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکے ہیں۔
تبصرہ