جمہوریت کی آڑ میں اداروں کو کمزور اور شخصیات کو مضبوط کیا گیا، ڈاکٹر طاہرالقادری
کرپشن اور نا اہلی نے 19 کروڑ عوام کے ملک پاکستان کو بربادی کی
انتہاؤں پر پہنچا دیا
سربراہ عوامی تحریک کی برمنگھم میں پاکستانی کمیونٹی سے ملاقات، آج مڈلینڈز میں اہم
اجلاس کی صدارت کریں گے
لاہور (15 جولائی 2016) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے برمنگھم میں مقامی پاکستانی تاجروں، ڈاکٹرز اور عوامی تحریک کے رہنماؤں سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جب طاقتوروں کی کرپشن اور قتل و غارت گری پر قانون اور ادارے آنکھیں بند کر لیں تو پھر اس ملک اور معاشرے کو ماضی کا حصہ اور قصہ بننے سے کوئی نہیں روک سکتا۔ بد قسمتی سے جمہوریت کی آڑ میں اداروں کو کمزور اور شخصیات کو مضبوط کیا گیا۔ سربراہ عوامی تحریک نے فرانس میں قومی دن کے موقع پر درجنوں شہریوں کی اموات پر دلی دکھ کا اظہار کیا، انہوں نے کہاکہ معصوم شہریوں کی جانیں لینے والے انسانیت کے دشمنوں کا کوئی ملک اورمذہب نہیں ہے۔ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا ہے کہ کرپشن اور نا اہلی نے 19 کروڑ عوام کے ملک پاکستان کو بربادی کی انتہاؤں پر پہنچا دیا۔ جب تک قوم معاشی دہشتگردوں سے نجات حاصل نہیں کرے گی، مسلح دہشتگردی کا خاتمہ ہو گا نہ ملک ترقی کرے گا۔ انہوں نے کہاکہ اوورسیز پاکستانی حقیقی جمہوریت کے قیام اور کرپٹ سیاست دانوں سے نجات کیلئے اپناکردار ادا کریں۔ کرپشن کرنے والی جماعتوں اور انکے قائدین کا بائیکاٹ کریں اور اپنے عزیز و اقارب کو بھی قائل کریں کہ وہ کرپشن کے دلدادہ اور پانامہ کے چوروں کے اپنے ووٹ سے سیاسی ہاتھ مضبوط کرنا ترک کر دیں۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان عوامی تحریک اپنے قیام کے اول روز سے غاصبوں اور انسانیت کے دشمنوں اور خزانے کے چوروں کے ساتھ نبرد آزما ہے اور ہم نے اس ظالم نظام سے لڑتے لڑتے لاشیں بھی اٹھائیں، ہمارے ہزاروں کارکنان نے قید و بند کی سختیاں جھیلیں اور مجھے بھی ظالموں کے خلاف آواز بلند کرنے پر 40 سے زائد جھوٹے مقدمات کا سامنا ہے، میں نے آئین کے بنیادی حقوق کا تحفظ کرنے والے 40 آرٹیکلز پر عملدرآمد کا مطالبہ کیا تو مجھ پر 40 مقدمے بنا دئیے گئے اور ظالم نظام اور ظالم حکمرانوں نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کا تحفہ دیا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان عوامی تحریک کی قیادت اور اس کے کارکنان تمام تر حکومتی جبر و استبداد کے باوجودنہ ڈرے ہیں نہ جھکے ہیں۔ 17 جون کو سانحہ ماڈل ٹاؤن کی دوسری برسی پر مال روڈ پر عوام کے ٹھاٹھیں مارتے سمندر کی موجودگی اسکا قابل فخر ثبوت ہے۔ سربراہ عوامی تحریک نے نیب کی طرف سے وفاقی وزیر خزانہ کے خلاف ریفرنس ختم کرنے کی خبر پر اپنے ردعمل میں کہاکہ جب تک موجودہ کرپٹ حکمران مسلط ہیں، کوئی ادارہ انکا احتساب نہیں کر سکتا۔ موجودہ حکمران 14 بے گناہوں کے قاتل ہیں اور دو سال گزر جانے کے بعدبھی شہدا کے ورثاء کو انصاف نہیں ملا، طاقتور درندوں کے سامنے ادارے بھی سہمے ہوئے ہیں، اس لئے اس ظالم کانظام کا خاتمہ ناگزیر ہے۔ سربراہ عوامی تحریک آج 16 جولائی کو مڈ لینڈز زون کے ممبرز کے اجلاس کی صدارت کریں گے اورعوامی تحریک اور منہاج القرآن کی آئیندہ کی سیاسی و تنظیمی حکمت عملی کے حوالے سے لائحہ عمل دیں گے۔
تبصرہ