ڈاکٹر طاہرالقادری برمنگھم پہنچ گئے، ایئر پورٹ پر پرتپاک استقبال
عوامی طاقت سے اب حالات بدلیں گے، مافیا سے جان چھوٹے گی
پاکستان کے حالات پر اوورسیز پاکستانی بھی پریشان ہیں، سربراہ عوامی تحریک
کرپشن سے پاک پاکستان اور ایماندار قیادت کے بغیر خوشحالی نہیں آئے گی، ائر پورٹ پر
گفتگو
لاہور
(14 جولائی 2016) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری لاہور سے برمنگھم
پہنچ گئے، جہاں وہ 2 روز قیام کے بعد گلاسگو جائیں گے۔ برمنگھم ائر پورٹ پر مقامی تنظیمی
عہدیداروں اور کارکنان نے انکا پر تپاک استقبال کیا۔ ایئر پورٹ پر گفتگو کرتے ہوئے
سربراہ عوامی تحریک نے کہاکہ عوام کی طاقت سے حالات بدلیں گے، مافیا سے جان چھوٹے گی
اب دنوں میں تبدیلی آئے گی۔ پاکستان کے حالات پر اوورسیز پاکستانی شہری بھی پریشان
ہیں۔ اوورسیز محب وطن اوردرد مند پاکستانیوں، تاجروں، ڈاکٹرز، انجنیئرز اور پروفیشنلز
کو یقین دلاتا ہوں کہ پاکستان کے حالات بدلیں گے۔ پاکستان کو کرپٹ، انتہاپسند اور نا
اہل قیادت، خاندانوں سے نجات ملے گی اور پاکستان اپنے قیام کے حقیقی مقاصد کی طرف پیش
رفت کرے گا۔ انہوں نے کہاکہ ایماندار قیادت کے بغیر ترقی و خوشحالی کا کوئی ہدف حاصل
نہیں ہو سکے گا۔ موجودہ کرپٹ اور نا اہل حکمرانوں نے ملک و قوم کے قیمتی 30 سال ضائع
کر دیئے انہوں نے کہاکہ جن حکمرانوں کی ساری توجہ کاروبار چلانے پر ہو وہ ملک کیسے
چلا سکتے ہیں ؟ دفاع، معیشت، قومی غیرت، قومی سلامتی، امور داخلہ و خارجہ موجودہ حکمرانوں
کے سرے سے مسائل نہیں ہیں۔ انہوں نے کہاکہ لوڈ شیڈنگ، مہنگائی، کرپشن میں اضافہ ہوا۔
حکمرانوں کا کوئی ویژن ہے نہ پالیسی انہیں صرف خزانہ لوٹنے کا ہنر آتا ہے۔
تبصرہ