31 جولائی کا دن ظالم حکمرانوں سے نجات دلانے کی نوید ثابت ہو گا، خرم نواز گنڈا پور
حکمرانوں کا طرز حکومت ملکی سالمیت، اتحاد ویگانگت کیلئے خطرہ ہے
سانحہ ماڈل ٹاؤن پر ایک ہی موقف ہے خون کا بدلہ خون، دیت نہیں قصاص
14 شہیدوں کے قاتل وزیراعظم اور وزیراعلیٰ دندناتے پھررہے ہیں یہ کیسا انصاف کا نظام
ہے ؟
عوامی تحریک قاتل حکمرانوں کے خلاف قانونی اور سیاسی جنگ لڑرہی ہے، وفود سے گفتگو
لاہور
(14 جولائی 2016) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے
کہ 31 جولائی کو عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹریٹ پر اپوزیشن رہنماؤں کا اجلاس ملک کو
موجودہ بحرانوں اور ظالم حکمرانوں سے نجات دلانے کی نوید ثابت ہو گا۔ عوامی تحریک کے
رہنما 31 جولائی کے اجلاس کی تیاریاں اور عوامی رابطہ مہم کو تیز کر دیں۔ 31 جولائی
کا دن انتہائی اہم ہے اور یہ دن پاکستان کے محروم عوام کیلئے خوشخبری لائے گا۔ موجودہ
کرپٹ اور قاتل حکمران ملک کی بقاء کیلئے بڑا خطرہ بن چکے ہیں۔ ان کے خلاف فیصلہ کن
عوامی تحریک ناگزیر ہو چکی ہے۔ قاتل حکمرانوں نے کشمیراور فلسطین کے مسلمانوں کا تحفظ
کرنے کی بجائے سانحہ ماڈل ٹاؤن برپا کر کے پاکستان کو کشمیر اور فلسطین بنا دیا۔ حکمرانوں
کی بھول ہے کہ وہ عبرتناک انجام سے بچ سکیں گے کیونکہ قارون، فرعون، شداد اور یزید
بھی اپنے وقت کے ظالم اور بڑے مکار حکمران تھے لیکن ان کا انجام بھی دنیا نے دیکھا
ہے۔ ان حکمرانوں کاانجام بھی دنیا دیکھے گی۔ وہ مرکزی سیکرٹریٹ میں گوجرہ، فیصل آباد،
سرگودھا اور جھنگ سے آئے عوامی تحریک کے مختلف وفود سے ملاقات میں گفتگو کررہے تھے۔
خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ اگر موجودہ حکمران تھوڑا عرصہ اور رہ گئے تو یہ ملک کو بیچ کر کھا جائینگے۔ حکمرانوں کا طرز حکومت ملکی سالمیت، اتحاد ویگانگت کیلئے خطرہ ہے۔ صرف سڑکیں اور چند پل بنانے سے ملک مضبوط اور مستحکم نہیں ہوتا بلکہ غریب عوام کو بنیادی حقوق پہنچا کر ملک کی معیشت کو مضبوط بنایا جاتا ہے۔ 28 شہیدوں کے قاتل وزیراعظم اور وزیراعلیٰ دندناتے پھررہے ہیں یہ کیسا انصاف کا نظام ہے ؟۔ عوامی تحریک قانونی جنگ بھی لڑرہی ہے اور ان حکمرانوں کے خلاف سیاسی جنگ بھی لڑیں گے۔ قاتل حکمرانوں کو کیفرکردار تک پہنچا کر دم لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ 31 جولائی کو عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹریٹ پر ہونیوالے اپوزیشن رہنماؤں کے اجلاس میں تمام سیاسی جماعتوں کے مرکزی رہنماء شرکت کریں گے۔ خرم نواز گنڈا پور نے کہاکہ جس دن غریب کا دامن خوشیوں سے بھر جائے گا ڈاکٹر طاہر القادری کا مقصد پورا ہو جائے گا۔ ملک کی جغرافیائی اہمیت پاکستان کو اس خطے کا لیڈر بنا سکتی ہے مگر اس کیلئے کرپٹ اور نا اہل حکمرانوں سے جان چھڑانا ہو گی۔ عوامی طاقت سے قیادت کا بحران ختم کرنا ہو گا اسی سے ملک کے مسائل حل ہونگے۔ انہوں نے کہاکہ قاتل حکمرانوں کا اقتدار جلد ختم ہونیوالا ہے، 31 جولائی کو گرتی ہوئی دیوار کو ایک دھکا اور دیا جائے گا۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن پر ایک ہی موقف ہے خون کا بدلہ خون، دیت نہیں قصاص۔ موجودہ ملک دشمن حکومت کے خاتمے کے بغیر عوام کا مقدر نہیں سنوارا جا سکتا۔
تبصرہ