پنجاب حکومت اور شوگر مافیا ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں: عوامی تحریک
شوگرملز کے سٹاکس فروخت کر کے کسانوں کو ادائیگیوں کا حکم قابل
تحسین ہے
چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کے حکم پر عمل سے گنے کے کاشتکار کو ریلیف ملے گا:فیاض وڑائچ
سیلاب اور موجودہ حکمران کسانوں کیلئے ایک جیسے عذاب ہیں، صحافیوں سے گفتگو
لاہور
(13 جولائی 2016) پاکستان عوامی تحریک جنوبی پنجاب کے صدر فیاض وڑائچ نے کہا ہے کہ
شوگر ملز کے سٹاکس کو فروخت کرکے گنے کے کاشتکاروں کو ادائیگیاں کرنے سے متعلق چیف
جسٹس لاہور ہائیکورٹ کے حکم کا خیر مقدم کرتے ہیں کوئی اورنہیں حکومت میں بیٹھا مافیا
گنے کے کاشتکار وں کا استحصال کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس عدالتی حکم پر عمل ہونے
سے مالی مشکلات کاشکار کسانوں کو ریلیف ملے گا۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ سٹاکس کی فروخت
کا کام کسی صورت صوبائی حکومت کو نہ سونپیں اپنی نگرانی میں اس فیصلہ پر عمل کروائیں
کیونکہ پنجاب حکومت اور شوگر مافیا ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں۔ وہ گزشتہ روز عوامی تحریک
کے میڈیا سیل میں اخبار نویسوں سے گفتگو کررہے تھے۔
فیاض وڑائچ نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں نے پیکیج ڈراموں کے اعلانات کے سوا کسانوں کیلئے کچھ نہیں کیا۔ سیلاب اور موجودہ حکمران کسانوں کیلئے ایک جیسے عذاب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہباز حکومت کے گزشتہ 8سالہ دور حکومت میں کسانوں کا بے تحاشا استحصال ہوا۔ گندم، چاول، کپاس اور گنے کے کاشتکاروں کو مقروض اور بھکاری بنا دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ رائس ملز مالکان، جننگ فیکٹریوں، ٹیکسٹائل ملز کے مالک، فلور ملز کے مالکان اور شوگر ملز مالکان سالانہ کروڑوں، اربوں کا منافع کماتے ہیں اور پھر ٹیکس چوری میں بھی پیش پیش ہوتے ہیں مگر اپنا خون جگر جلا کر چاول، گندم، گنا، کپاس پیدا کرنے والا کسان اور اس کے بچے بھوکے مررہے ہیں۔ یہ ظلم اب مزید برداشت نہیں ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں اور موجودہ ظالم نظام کی رخصتی سے ہی کسانوں کو سکھ کا سانس نصیب ہو گا۔
تبصرہ