حکمرانوں نے ساڑھے 6 ارب روپے کی سبسڈی ہڑپ کر لی: عوامی تحریک
حکمران عوام کو سستی اشیائے خورونوش فراہم کرنے میں ناکام رہے،
تھرڈ پارٹی آڈٹ کروایا جائے
رمضان سے قبل ٹماٹر 15 روپے کلو تھے جو آج 80 روپے کلو بک رہے ہیں، خرم نواز گنڈاپورکی
گفتگو
لاہور
(4 جولائی 2016) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ
وفاقی اور صوبائی حکومت نے سستی اشیائے خورونوش کی فراہمی کے نام پر ساڑھے 6ارب روپے
کی سبسڈی ہڑپ کر لی۔ پنجاب حکومت نے 5ارب اور وفاقی حکومت نے سستی اشیائے خورونوش کیلئے
ڈیڑھ ارب روپے کی سبسڈی کا اعلان کیا مگر غریب روزہ دار اس سے محروم رہے۔ حکمرانوں
کا ہر اعلان اور منصوبہ 2 روپے میں سستی روٹی بیچنے والے منصوبے کی طرح ناکام ثابت
ہوا۔ ساڑھے 6ارب روپے کی سبسڈی کے تھرڈ پارٹی آڈٹ کا مطالبہ کرتے ہیں۔ وہ گزشتہ روز
شہر اعتکاف میں اخبار نویسوں اور پارٹی رہنماؤں سے گفتگو کررہے تھے۔ اس موقع پر جنوبی
پنجاب کے صدر فیاض وڑائچ، مرکزی سیکرٹری اطلاعات نوراللہ صدیقی، ساجد بھٹی، جواد حامد
و دیگر موجود تھے۔
خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ حکمران رمضان المبارک میں مہنگائی اور لوڈشیڈنگ کو کنٹرول کرنے میں مکمل طور پر ناکام رہے۔ پاکستان کی تاریخ کا یہ واحد رمضان المبارک ہے جس میں بدترین لوڈشیڈنگ ہوئی اور رمضان، اتوار بازاروں میں غریب روزہ داروں کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا گیا۔ سبزیوں، پھلوں کے نام پر کچرا بیچا گیا۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کو غریب کے مسائل سے کوئی دلچسپی نہیں۔ انہیں صرف لندن کے مہنگے علاقوں میں محلات تعمیر کرنے سے دلچسپی ہے۔ نام نہاد خادم اعلیٰ غریب روزہ داروں کو جواب دے کہ پانچ ارب کی خطیر رقم کہاں گئی؟روزہ دار روٹی کے سستے نوالے اور سستے پھل اور سبزیاں ڈھونڈتے رہے۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک سے قبل ٹماٹر 20 روپے کلو تھا جو اب 100 روپے کلو بک رہا ہے۔ آلو 20 روپے کلو تھے جو آج 40 روپے میں بک رہے ہیں۔ اسی طرح چکن، پھلوں اور سبزیوں کی قیمتوں میں 10روپے سے 40 روپے فی کلو اضافہ ہوا۔ انہوں نے کہا کہ اتوار بازاروں اور رمضان بازاروں میں ن لیگ کے لوگ بھتہ لے کر دکانداروں کو مہنگی اشیاء بیچنے پر مجبورکرتے ہیں۔ مہنگائی کے ذمہ دار موجودہ حکمران، ان کے کرپٹ حواری اور بیوروکریٹس ہیں۔ وزیراعلیٰ خود اپنے بیروزگار عہدیداروں اور کارکنوں کو دیہاڑیاں لگواتے ہیں۔ یہ لوگ خزانہ بھی لوٹتے ہیں اور روزہ داروں کو بھی۔ انہوں نے کہا کہ وقت قریب ہے جب یہ کرپٹ حکمران اور ان کے حواری اپنے انجام کو پہنچیں گے۔
تبصرہ