پنشنرز کے ساتھ حکومت کا ظلم قابل مذمت اور قابل گرفت ہے، خرم نواز گنڈا پور
حکمرانوں کے ظالمانہ طرز حکومت کے باعث پاکستان کمزوروں کیلئے عقوبت
خانہ بن چکا ہے
اللہ ناراض ہے جو اسحاق ڈار جیسے لوگ ہم پر مسلط ہیں، خواجہ عامر فرید کوریجہ، فیاض
وڑائچ
لاہور (3 جولائی 2016) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے کہا ہے کہ عید کے موقع پر پنشنرز کے ساتھ حکومت کا ظلم قابل مذمت اور قابل گرفت ہے، اس بار اسحاق ڈار کی وجہ سے بزرگ شہری عید پر نئے کپڑے پہن سکیں گے نہ اپنے پوتے، پوتیوں کو کوئی گفٹ خرید کر دے سکیں گے۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار میں رتی برابر خوف خدا ہوتا تو وہ رمضان المبارک کے دوسرے یا تیسرے ہفتے میں جملہ پنشنرز کو پنشن کی ادائیگی کے انتظامات کرتے۔ شدید گرمی اور روزوں کی وجہ سے بزرگ شہریوں کو گھنٹوں سرکاری بنکوں کے باہر کھڑا کرنے والوں کو اللہ یاد ہے نہ آخرت۔ انہوں نے کہا کہ اللہ ہم سے ناراض ہے جو اسحاق ڈار جیسے لوگ قوم پر مسلط ہیں، پاکستان عوامی تحریک کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل خواجہ عامر فرید کوریجہ نے اپنے شدید ردعمل میں کہاکہ نواز حکومت کی ظالمانہ سیاسی سوچ اور طرز حکمرانی کے باعث پاکستان کمزوروں کیلئے عقوبت خانے میں تبدیل ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اپنی ساری عمر سرکاری محکمے کو دینے والوں کا بڑھاپے میں واحد سہارا پنشن ہوتی ہے، جس سے وہ اپنی گزر بسر کرتے اور تہواروں پر اہل خانہ سے خوشیاں شیئر کرتے ہیں مگر اس بار وہ بھی چھین لی گئیں۔ جنوبی پنجاب کے صدر فیاض وڑائچ نے کہاکہ پنشنرز کے ساتھ ہونیوالی زیادتی کی پر زور مذمت کرتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ سپریم کورٹ کے چیف جسٹس پنشنرز کے ساتھ ہونے والی زیادتی پر سو موٹو ایکشن لیں اور ذمہ داروں کو عبرتناک سزا دی جائے۔ انہوں نے کہاکہ اسحاق ڈار پاکستان کی تاریخ کا نالائق ترین اور بے رحم وزیر خزانہ ہے اسے حکومت سے پہلے ہی گھر چلے جانا چاہیے۔
تبصرہ