ڈاکٹر حسن محی الدین کی زیر صدارت عوامی تحریک کی سنٹرل کور کمیٹی کا اجلاس
تاجر تنظیموں کو17جون احتجاج میں شرکت کی دعوت دیں گے، ڈاکٹر حسن
محی الدین
عوامی مسلم لیگ، ق لیگ، جماعت اسلامی، پیپلز پارٹی، تحریک انصاف و دیگر پارٹیاں احتجاج
میں شر یک ہوں گی
شریف برادران کی کرپشن کا ڈرامہ ختم ہونے والا ہے، ’’چور مچائے شور ‘‘سے اب کچھ نہیں
ہو گا؛خرم نواز گنڈا پور
اجلاس میں رمضان المبارک میں مہنگائی اور لوڈ شیڈنگ کے خلاف قرارداد مذمت پاس کی گئی

لاہور (11 جولائی 2016) پاکستان عوامی تحریک کی سنٹرل کور کمیٹی کا اجلاس سنیئر مرکزی رہنماء ڈاکٹر حسن محی الدین کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں 17 جون کے مال روڈ احتجاج کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا، اجلاس میں ایک کمیٹی تشکیل دی گئی جو مال روڈسمیت دیگر معروف مارکیٹوں کی تاجر تنظیموں کو 17جون کو مال روڈ کے احتجاج میں شرکت کی دعوت دے گی۔ اجلاس میں سربراہ عوامی تحریک کے 15جون کے استقبال کی تیاریوں پر بھی غور کیا گیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر حسن محی الدین نے کہاکہ 17 جون کے احتجاج میں شرکت کیلئے عوامی مسلم لیگ، ق لیگ، جماعت اسلامی، پیپلز پارٹی، تحریک انصاف نے شرکت کی یقین دہانی کروا دی ہے۔ اجلاس میں وکلاء، سول سوسائٹی اور مختلف کسان اور لیبر تنظیموں کو احتجاج میں شرکت کی دعوت دینے کیلئے کمیٹیاں قائم کی گئیں۔ اجلاس میں رمضان المبارک میں مہنگائی اور لوڈ شیڈنگ کے خلاف قرارداد مذمت پاس کی گئی اور کہا گیا کہ حکومت وعدے کے باوجود ناجائز منافع خوری روکنے میں ناکام رہی۔ اجلاس میں رمضان بازاروں پر کڑی تنقید کی گئی اور کہا گیا کہ رمضان بازاروں سے اشیائے خورونوش کے نام پر کچرا بیچا جا رہا ہے۔
سیکرٹری جنرل عوامی تحریک خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری 15 جون کو عوام کی خوشحالی کا ایجنڈا لے کر پاکستان آ رہے ہیں۔ جمہوریت کے نام پر شریف برادران کی کرپشن کا ڈرامہ اب ختم ہونے والا ہے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری کا ویژن عوام میں پذیرائی حاصل کررہا ہے اور یہ حکمرانوں کی سیاسی موت ہے۔ انہوں نے کہاکہ عوامی تحریک نے ہمیشہ پر امن جدوجہد کی ہے، اگر حکمرانوں نے 17 جون کو کارکنوں کو ہراساں کرنے کی کوشش کی یا کسی بھی قسم کے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کئے تو امن و امان کے ذمہ دار حکمران ہونگے۔ عوامی تحریک کے پر امن کارکنوں کو جہاں روکا گیا حکمران جان لیں کہ وہیں دھرنا ہو گا، اگر حکومت نے تعاون کیا تو ہم بھی تعاون کریں گے۔ حکمران کرپشن کی دلدل میں دھنسے ہوئے ہیں۔ ’’چور مچائے شور ‘‘سے اب کچھ نہیں ہو گا، عوام ن لیگ کی اصلیت جان چکے ہیں، کوئی اور نہیں حکومت کی تین سالہ کارکردگی ہی اس کی سب سے بڑی دشمن ہے۔ شہدائے ماڈل ٹاؤن کے خون سے آنے والے انقلاب کو دنیا کی کوئی طاقت نہیں روک سکتی، قتل عام میں ملوث ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا، انہوں نے کہاکہ پاکستان عوامی تحریک نے موجودہ قاتل حکمرانوں کی لوٹ مار، نا انصافی اور ظلم و بربریت کے خلاف پر امن آئینی جدوجہد شروع کر رکھی ہے جس کی منزل جمہوری انقلاب ہے۔
سنٹرل کور کمیٹی کے اجلاس میں خرم نواز گنڈا پور، بریگیڈئر(ر) محمد اقبال، خواجہ عامر فرید کوریجہ، بشارت جسپال، بریگیڈئر (ر) محمد مشتاق، جی ایم ملک، سید الطاف حسین شاہ، نور اللہ صدیقی، ساجد بھٹی، تنویر خان، قاضی فیض الاسلام شریک تھے۔


تبصرہ