17 جون کا پر امن احتجاج ہر حال میں مال روڈپر ہو گا: خرم نواز گنڈاپور
پنجاب حکومت بتائے اس نے اپنے اقتدار کے 8 سالوں میں کسے مال روڈ
پر احتجاج سے روکا؟
عوامی تحریک کے رہنماء کا چودھری پرویز الہی کو فون، احتجاج میں شرکت کی دعوت دی
لاہور
(9 جون 2016) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے گذشتہ روز ق
لیگ کے سنیئر مرکزی رہنما چودھری پرویز الہی کو ٹیلی فون کیا اور انہیں سربراہ عوامی
تحریک ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی طرف سے مال رود پر احتجاجی دھرنے میں شرکت کی دعوت
دی۔ دونوں جماعتوں کے رہنماؤں کی ملاقات ہفتہ کو چودھری پرویز الہیٰ کی رہائش گاہ پر
ہو گی۔ پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے دعوتی کمیٹی کے اجلاس
سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ17جون کا پر امن احتجاج ہر حال میں مال روڈ پر ہو گا ہمیں
پہاڑوں میں چھپے ہوئے دہشتگردوں سے نہیں حکومت میں بیٹھے ہوئے دہشتگردوں سے خطر ہ ہے۔
رانا ثناء اللہ ہمیں ڈرانے کی کوشش نہ کریں ہمیں پتہ ہے کہ انکے کالعدم گروپوں سے قریبی
روابط ہیں وہ جب چاہیں انہیں اپنے کام کیلئے استعمال کر سکتے ہیں۔ 17 جون کو راناثناء
اللہ کو ایک دن کیلئے قید کر دیا جائے تو ہمارا احتجاج ہر حال میں امن کے ساتھ انجام
پذیر ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ 17 جون کے احتجاج میں شرکت کیلئے ایم کیو ایم، پی ٹی آئی،
ق لیگ، جماعت اسلامی، پیپلز پارٹی کو شرکت کی دعوت دے دی ہے، تمام جماعتیں اپنے وفود
اور کارکنوں کے ساتھ احتجاج میں شرکت کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری 9
جون رات 10 بجے کینیڈا سے لندن کیلئے روانہ ہو چکے ہیں۔ لندن میں اوورسیز عوامی تحریک
کی تنظیمات سے ملاقات کریں گے اور 14 جون کو لندن سے لاہور کیلئے روانہ ہونگے اور 15
جون کی صبح لاہور پہنچیں گے۔ خر م نواز گنڈا پور نے کہاکہ پنجاب حکومت بتائے اس نے
حالیہ اقتدار کے 8 سالوں میں مال روڈ پر کس جماعت کو احتجاج کرنے سے روکا ؟ ڈی سی او
لاہور نے پہلی بار عوامی تحریک کو احتجاج سے روکنے کیلئے لیٹر جاری کیا جو عوامی تحریک
کے ساتھ تعصب، انتقام اور بد نیتی پر مبنی حرکت ہے جس کی ہم شدید الفاظ میں مذمت کرتے
ہیں، خرم نواز گنڈا پور نے کہاکہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے میڈیا کے روبرو دو ٹوک الفاظ
میں کہا ہے احتجاج پر امن ہو گا اور میں امن کی ضمانت دیتا ہوں، حکومت اس ضمانت سے
فائدہ اٹھائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دو سال کے بعد بھی شہدائے ماڈل ٹاؤن کا انصاف نہیں
ملا، انصاف کیلئے احتجاج کرنا ہمارا آئینی حق ہے۔ 15 جون کو اہل لاہور ڈاکٹر طاہرالقادری
کا شاندار استقبال کریں گے اور 17 جون کو ڈاکٹر طاہرالقادری لاہور کی تاریخ کے سب سے
بڑے احتجاجی دھرنے سے خطاب کرینگے۔


تبصرہ