عوامی تحریک نے وزیر اعظم کے اختیارات وزیر خزانہ کو تفویض کرنے کے خلاف رٹ پٹیشن عدالت میں دائر کر دی
رٹ پٹیشن عوامی تحریک کے رہنماء اشتیاق چوہدری ایڈووکیٹ کی طرف
سے دائر کی گئی
حکومت کو پرائیویٹ بزنس کی طرح چلایا جا رہا ہے، خرم نواز گنڈا پور
لاہور
(30 مئی 2016) پاکستان عوامی تحریک کے رہنما اشتیاق چوہدری ا یڈووکیٹ نے حکومتی امور
چلانے کیلئے وزیر اعظم کی طرف سے اختیارات وزیر خزانہ کو تفویض کرنے کے خلاف رٹ پٹیشن
عدالت میں دائر کر دی، پٹیشن میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ وزیراعظم بیماری کی وجہ
سے آئینی ذمہ داریوں کی ادائیگی کی سکت نہیں رکھتے، اور سرجری کی وجہ سے مزید کئی ہفتوں
تک وہ یہ ذمہ داریاں ادا نہیں کر سکیں گے، جس کی وجہ سے آئینی بحران پیدا ہوگیا ہے
اور امور مملکت کی انجام دہی نا ممکن ہو کر رہ گئی ہے۔ اور حکومتی امور جام ہو کر رہ
گئے ہیں جس کی آئین میں کوئی گنجائش نہیں۔ ذہنی اور جسمانی طور پر بیمار وزیراعظم نہیں
چلا سکتا۔ آئین، قانون اور پارلیمنٹ کے رولز آف بزنس سینیٹ کے ممبر کو لیڈر آف دی ہاؤس
کا رول ادا کرنے کی اجازت نہیں دیتے۔ سینیٹر اسحاق ڈار کو وزیراعظم کے اختیارات استعمال
کرنے سے روکا جائے۔ عوامی مفاد کے اس معاملے کو ایڈہاک پر نہیں چلایا جا سکتا۔ سپیکر
قومی اسمبلی اس آئینی بحران سے نمٹنے کیلئے اسمبلی اجلاس طلب کریں اور نیا قائد ایوان
منتخب کریں۔
دریں اثناء عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقدہ عوامی لائزر ونگ کے اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کو پرائیویٹ بزنس کی طرح چلایا جا رہا ہے، کئی کئی وزارتیں ہاتھوں میں رکھ کر اگر سربراہ عوامی مسائل کے حل کیلئے موجود ہی نہ ہو گا تو عوام کی شنوائی کہاں ہو گی؟ وزیر اعظم اخلاقی جرات کا مظاہرہ کریں اور عوامی مفاد کے پیش نظر عہدے سے الگ ہو جائیں۔


تبصرہ