عوامی تحریک کے وفد کی ڈاکٹر حسن محی الدین کی قیادت میں سید یوسف رضا گیلانی سے ملاقات
بیٹے کی رہائی پر مبارکباد دی، ملکی صورتحال اور سانحہ ماڈل ٹاؤن
کیس پر تبادلہ خیال
عوامی تحریک کے رہنماؤں کی سابق گورنر چوہدری سرور سے بھی ملاقات، انکی پوتی کے انتقال
پر تعزیت کا اظہار کیا

لاہور (27 مئی 2016) پاکستان عوامی تحریک کے سینئر رہنماء ڈاکٹر حسن محی الدین کی قیادت میں عوامی تحریک کے ایک وفد نے سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی سے انکی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور انہیں ڈاکٹر طاہر القادری اور پارٹی کی طرف سے بیٹے کی باحفاظت بازیابی پر مبارکباد دی۔ اس موقع پر سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور، خواجہ عامر فرید کوریجہ، فیاض وڑائچ، راجہ زاہد، نور اللہ صدیقی، قاضی فیض الاسلام ہمراہ تھے۔ سید یوسف رضا گیلانی اور انکے بیٹے علی حیدر گیلانی نے ڈاکٹر حسن محی الدین اور دیگر رہنماؤں کا شکریہ ادا کیا۔ دونوں رہنماؤں نے اس مو قع پر پانامہ لیکس سمیت ملک کی سیاسی صوتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا، ڈاکٹر حسن محی الدین نے سابق وزیر اعظم کو 17جون کے یوم شہداء میں شرکت کی دعوت دی، یوسف رضا گیلانی نے اس موقع پر کہاکہ سانحہ ماڈل ٹاؤن سیاست سے بالاتر ہے، پاکستان کے شہریوں کے قتل عام کے ذمہ داروں کو سزا ملنی چاہیے، دو سال گزر جانے کے بعد بھی ذمہ داروں کو سزا نہ ملنا باعث تشویش ہے۔
بعد ازاں خرم نواز گنڈا پورنے پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ سابق وزیر اعظم کو انکے بیٹے کی بازیابی پر مبارکباد دی ہے اور پانامہ لیکس اور سانحہ ماڈل ٹاؤن کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال ہوا، پانامہ لیکس میں وزیر اعظم کے پورے خاندان کا نام آیا ہے، جس کی انہوں نے تا حال کوئی تردید نہیں کی۔ عوامی تحریک سمجھتی ہے کہ قومی دولت کی لوٹ مار کے اس کیس کی شفاف تحقیقات کیلئے وزیر اعظم استعفیٰ دیں، انہوں نے کہاکہ ہم نے پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین بلاول بھٹو کو یوم شہدا میں شرکت کا دعوت نامہ بھجوا دیا ہے۔یوسف رضا گیلانی کو بھی آج اس حوالے سے شرکت کی باضابطہ دعوت دی گئی ہے۔ دریں اثناء عوامی تحریک کے رہنماؤں نے سابق گورنر چودھری سرور کی رہائش گاہ پر انکی پوتی کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا۔


تبصرہ