مسلم لیگ ق کے رہنما اجمل وزیر کی ڈاکٹر حسن محی الدین سے انکی رہائش گاہ پر ملاقات
ماڈل ٹاؤن میں لاشیں گرانے والے نا معلوم دہشتگرد نہیں جانے پہچانے
چہرے ہیں، ڈاکٹر حسن محی الدین
حکمران سانحہ ماڈل ٹاؤن میں براہ راست ملوث ہیں، جسٹس باقر نجفی کی رپورٹ منظر عام
پر لائی جائے، اجمل وزیر

لاہور (25 مئی 2016) مسلم لیگ ق کے مرکزی رہنماء اجمل وزیر نے چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن ڈاکٹر حسن محی الدین القادری سے انکی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ ملاقات میں ملکی حالات اور سانحہ ماڈل ٹاؤن پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈاکٹر حسن محی الدین نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن میں جو ظلم ہوا اسکی کوئی مثال نہیں ملتی، معصوم شہریوں کی لاشیں گرانے والے نا معلوم دہشتگرد نہیں بلکہ جانے پہچانے چہرے ہیں۔ شہداء ماڈل ٹاؤن کا انصاف ملنے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ ڈاکٹر طاہر القادری ظلم، کرپشن اور دہشتگردی کے خاتمے کی جنگ لڑ رہے ہیں، جب تک طاقتور اور بالادست طبقہ انصاف کے کٹہرے میں کھڑا نہیں کر دیا جاتا، ظلم ختم نہیں ہو گا۔ 17جو ن کوہونے والے احتجاج کی قیادت ڈاکٹر طاہر القادری کریں گے۔ مسلم لیگ ق کے رہنماء اجمل وزیر نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک کے کارکنان نے جمہوریت، آئین اور قانون کی بالادستی کیلئے قربانیاں دیں ہیں۔ انصاف کے حصول تک شہدا ماڈل ٹاؤن کے ساتھ ہیں۔ 17 جون کو ہونے والے احتجاج میں شرکت کریں گے۔ دو سال گزر گئے شہدا کو انصاف نہیں ملا۔ بے گناہوں کو شہید کیا گیا، تفتیش بھی غیر جانبدار نہ ہو یہ ظلم نہیں ہونے دینگے۔ اجمل وزیر نے کہا کہ اگر حکمرانوں کا دامن صاف ہے تو وہ جسٹس باقر علی نجفی کی رپورٹ کو منظر عام پر لانے سے بھاگ کیوں رہے ہیں۔ حکمران سانحہ ماڈل ٹاؤن میں براہ راست ملوث ہیں۔


تبصرہ