ظالم نظام کیخلاف جدوجہد، عوامی تحریک کل 27واں یوم تاسیس منائیگی
شفاف الیکشن کیلئے لانگ مارچ اور 14 اگست کا دھرناعظیم سیاسی جدوجہد
تھی
ڈاکٹر طاہرالقادری کی سیاسی قیادت میں مصطفوی انقلاب لانے کا مشن پورا کرینگے
تقریب کے مہمان خصوصی ڈاکٹر حسن محی الدین ہونگے، ملتان اور کراچی میں سیمینار ہونگے
خصوصی تقریب مرکزی سیکرٹریٹ میں ہو گی کیک کاٹا جائیگا، بڑی تعداد میں کارکن شریک ہونگے
لاہور
(24 مئی 2016) پاکستان عوامی تحریک کل مورخہ 25 مئی کو اپنا 27واں یوم تاسیس منائے
گی۔ اس سلسلے میں خصوصی تقریب سینئر مرکزی رہنما ڈاکٹر حسن محی الدین کی صدارت میں
مرکزی سیکرٹریٹ میں ہو گی۔ کیک کاٹا جائیگا اور سیمینارکا انعقاد بھی ہو گا۔ تقریب
میں شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثاء خصوصی طور پر شریک ہونگے۔
پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ ظالم نظام کے خلاف جدوجہد کے 27 سال مکمل ہونے پر عوامی تحریک کے زیر اہتمام لاہور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں سیمینارز ہونگے۔ انہوں نے بتایا کہ 25 مئی کو ملتان سمیت جنوبی پنجاب کے 10 شہروں میں سیمینار ہونگے۔ 28 مئی کو کراچی میں ’’سیاست برائے ریاست ‘‘کے عنوان سے خصوصی تقریب ہو گی جس کی صدارت سینئر مرکزی رہنما ڈاکٹر حسن محی الدین القادری کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک واحد جماعت ہے جس نے ظالمانہ نظام کے خلاف بے مثال جدوجہد کی۔ دسمبر 2012 ء میں شفاف الیکشن کیلئے اسلام آباد کی طرف لاکھوں کارکنان نے لانگ مارچ کیا اور 14 اگست 2014ء کے دن اس ظالم نظام کے خلاف 70 دن کا دھرنا دیا اور عوامی تحریک کارکنان نے ظالم نظام کو چیلنج کرتے ہوئے 17 جون 2014 ء کے دن 14 شہادتیں قبول کیں اور 85 سے زائد زخمی ہوئے اور ہزاروں کی تعداد میں قید و بند کی سختیاں جھیلیں، دہشتگردی کے جھوٹے مقدمات کا سامنا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری کی قیادت میں مصطفوی انقلاب لانے کا مشن پورا کرینگے اور 19 کروڑ عوام کے آئینی حقوق کیلئے جدوجہد کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ عوامی تحریک کے عظیم کارکنان تمام سیاسی جماعتوں کے کارکنان کیلئے رول ماڈل ہیں۔
خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ 27ویں یوم تاسیس پر اندرون و بیرون ملک میں موجودہ لاکھوں کارکنوں کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ پاکستان عوامی تحریک کے صوبائی صدور، بشارت جسپال، فیاض وڑائچ، بریگیڈیئر(ر) محمد مشتاق، ممبران کور کمیٹی ڈاکٹر ایس ایم ضمیر، ندیم ہاشمی، نوراللہ صدیقی، ساجد بھٹی، قاضی فیض الاسلام، تحریک منہاج القرآن کے سینئر رہنماؤں بریگیڈیئر(ر) محمد اقبال، جی ایم ملک، احمد نواز انجم، تنویر خان نے 27 ویں یوم تاسیس پر عوامی تحریک کے کارکنان کو مبارکباد دی۔


تبصرہ