عالمی مدو جزر سے بے خبر کرپٹ حکمران تخت بچانے کی جنگ تک محدود ہیں، ڈاکٹر طاہرالقادری
جمہوریت کے ’’شریف ماڈل‘‘ نے قوم کا پانامہ لیکس کے تحفے دئیے
18محکموں کا قلمدان رکھنے والا وزیر اعلیٰ پنجاب 18گھنٹے لوڈ شیڈنگ کا ذمہ دار ہے
کسانوں کیلئے 342 ارب کا پیکج دینے والے بتائیں کسان سڑکوں پر کیوں ہیں؟ گفتگو

لاہور (23 مئی 2016) پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہاہے کہ جمہوریت کے ’’شریف ماڈل ‘‘ نے قوم کو پانامہ لیکس کے تحفے دئیے، عالمی مد و جزر سے بے خبر کرپٹ حکمران اپنا تخت بچانے کی جنگ تک محدود ہیں، انکا اقتدار میں مزید رہنا ملک و قوم کیلئے نقصان دہ ہے۔ عالمی سیاست پر نظر رکھنے اور اسے پاکستان کے مفاد سے ہم آہنگ کرنے کیلئے حقیقی مینڈیٹ والی عوامی قیادت ناگزیر ہے۔ وہ گذشتہ روز پاکستان عوامی تحریک کے سنیئر رہنماؤں سے ٹیلی فون پر گفتگو کر رہے تھے۔ سربراہ عوامی تحریک نے کہاکہ تبدیلی کا عمل شروع ہو چکا، عوام کرپشن زدہ ظالم نظام سے نجات چاہتے ہیں۔ کرپٹ قیادت اور جماعتوں کی مستقبل کی سیاست میں کوئی جگہ نہیں۔ کرپشن کے خلاف عوام کی حالیہ نفرت اپنے منطقی انجام تک پہنچے گی۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت کے نام پر بادشاہت قائم ہے جس نے اداروں اور معاشی نظم و نسق کو تباہ و برباد کر کے رکھ دیا۔ موجودہ کرپٹ حکمرانوں نے جو نقصان پہنچایا ہے اس کی ریکوری میں بھی کئی دہائیاں لگیں گی۔ انہوں نے کہاکہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے بے گناہوں کے قاتل وزیر اعلیٰ پنجاب کے پاس 18 محکموں کا قلمدان ہے اور یہی نا اہل وزیر اعلیٰ پنجاب میں 18گھنٹے لوڈ شیڈنگ کا بھی ذمہ دار ہے۔ انہوں نے کہاکہ جنوبی پنجاب میں لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی، لوڈشیڈنگ کم کرنے کے حوالے سے جتنے بھی دعوے کئے گئے سب جھوٹ ثابت ہوئے۔ انہوں نے کہاکہ دنیا کی کسی اور جمہوریت میں ایسی مثال نہیں کہ ایک شخص کے پاس 18 وزارتیں ہوں۔ سربراہ عوامی تحریک نے کہاکہ ون مین شو کی وجہ سے آج ہر طرف بربادی ہے، کسان، اساتذہ، ڈاکٹرز، مزدور سب سڑکوں پر ہیں۔ جمہوریت کے شریف ماڈل نے کرپشن کو نئی بلندیوں تک پہنچانے کے ساتھ ساتھ محکمانہ نظم و ضبط اور فنانشل ڈسپلن تباہ کر دیا۔ انہوں نے پنجاب اسمبلی کے سامنے احتجاج کرنے والے کسانوں کے حوالے سے کہا کہ عوامی تحریک کسانوں کے جائز مطالبات کی حمایت کرتی ہے، حکمرانوں کی کسان دشمن پالیسیاں انہیں کھیتوں سے نکال کر سڑکوں پر لے آئیں اور کسان اپنی فصلیں جلانے پر مجبور ہوئے۔ انہوں نے کہاکہ کسانوں کیلئے 342ارب کا نام نہاد پیکج دینے والے بتائیں کسان سراپا احتجاج کیوں ہیں۔
دریں اثناء ڈاکٹر طاہرالقادری نے عوامی تحریک خوشاب کے سابق صدر ملک غلام محمد اعوان کے انتقال پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم عوامی تحریک کا اثاثہ تھے، انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔ عوامی تحریک کے مرکزی رہنماؤں ساجد بھٹی، ثناء اللہ، طیب ضیاء، علامہ غلام ربانی تیمور نے ملک غلام محمداعوان کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔


تبصرہ