وزیراعظم کو علم ہے وہ جا رہے ہیں، مزید لیکس آ رہی ہیں، خرم نواز گنڈا پور
ڈاکٹر طاہرالقادری نے درست کہا کہ وزیر اعظم کی حالت روح قبض ہونے
سے پہلے والی ہے
ابھی سانحہ ماڈل ٹاؤن کا حساب بھی باقی ہے، وزیر اعظم جلسوں کی بجائے خفیہ جائیدادوں
کا حساب دیں۔ سیکرٹری جنرل پی اے ٹی
لاہور
(20 مئی 2016) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خر م نواز گنڈا پور نے کہا ہے کہ
وزیر اعظم کو علم ہے وہ جا رہے ہیں، مزید لیکس آ رہی ہیں، سانحہ ماڈل ٹاؤن کا حساب
بھی باقی ہے، جلسے انہیں احتساب سے نہیں بچا سکیں گے۔ انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم جلسوں
میں کھوکھلی باتیں کرنے کی بجائے خفیہ جائیدادوں کا حساب دیں اور جلد سے جلد اپوزیشن
سے مل کر ٹی او آرز فائنل کریں تا کہ دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو۔ انہوں نے کہاکہ
پہلی بار دیکھا کہ الزام لگنے پر حکومت جواب دینے کی بجائے جلسے کرنے لگی ہے، اس حوالے
سے سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے درست کہا کہ وزیر اعظم کی حالت روح
قبض ہونے سے پہلے والی ہو چکی ہے۔ وزیر اعظم کی یہ غلط فہمی ہے کہ وہ موٹر وے منصوبوں
کی نیاز بانٹ کر احتساب سے بچ جائیں گے۔ وہ جتنے مرضی جعلی منصوبوں کے اعلانات کر لیں
پانامہ لیکس ان کا پیچھا نہیں چھوڑیں گی۔ خرم نواز گنڈ اپور نے کہاکہ 17جون کو یوم
شہدا پر سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹر طاہرالقادری انصاف کیلئے اپنے لائحہ عمل کا اعلان
کریں گے اور کرپٹ حکمرانوں کا اصل چہرہ قوم کو دکھائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ حکمران ماڈل
ٹاؤن میں بے گناہ خون بہانے کی پاداش میں قدرت کے شکنجے میں آئے ہوئے ہیں اور اب اس
شکنجے سے حساب دئیے بغیر باہر نہیں نکل سکیں گے۔ انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم کے جلسے
حکومت کے خاتمہ اور نئے الیکشن کا اعلان ہے، تاہم احتساب کے بغیر قوم نئے الیکشن قبول
نہیں کرے گی۔


تبصرہ