ریاست پر کالعدم تنظیوں کی سرپرستی کا الزام لگانا ملک دشمنی پر مبنی ہے، عوامی تحریک
صوبائی وزیر قانون پنجاب کے بیان کا آرمی چیف اور اپیکس کمیٹی
نوٹس لے
غیر ملکی میڈیا کو دیا جانیوالا رانا ثناء اللہ کا بیان پاکستان کے خلاف استعمال ہو
گا، خواجہ عامر فرید کوریجہ، فیاض وڑائچ
لاہور
(18 مئی 2016) ریاست کی طرف سے کالعدم تنظیموں کی سر پرستی کرنے سے متعلق صوبائی
وزیر قانون رانا ثناء اللہ کے ملک دشمنی پر مبنی بیان کا آرمی چیف اور اپیکس کمیٹی
نوٹس لے۔ یہ مطالبہ پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل خواجہ عامر
فرید کوریجہ، جنوبی پنجاب کے صوبائی صدر فیاض وڑائچ اور سیکرٹری کوآرڈینیشن ساجد
بھٹی نے مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقدہ اجلاس میں کیا۔ عوامی تحریک کے رہنماؤں نے پنجاب
اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید سے بھی کہا ہے کہ وہ اور دیگر پارلیمانی
لیڈرز صوبائی وزیر قانون کے مذکورہ بیان کے خلاف پنجاب اسمبلی میں تحریک لائیں اور
ان سے اس بیان کی وضاحت طلب کریں۔ خواجہ عامر فرید کوریجہ نے کہاکہ صوبائی وزیر
قانون کا مذکورہ بیان ملک دشمن عناصر، پاکستان کے خلاف استعمال کر سکتے ہیں، وزیر
قانون سے پوچھا جائے کہ انہوں نے غیر ملکی میڈیا کو کن مقاصد کیلئے یہ بیان دیا،
مذکورہ بیان براہ راست ریاست کے خلاف ہے۔ رہنماؤں نے کہاکہ رانا ثناء اللہ خود
کالعدم تنظیموں کے سپورٹر اور پروموٹر ہیں، انکے کالعدم تنظیموں سے روابط کسی سے
ڈھکے چھپے نہیں ہیں، سانحہ ماڈل ٹاؤن کا مرکزی کردار بھی صوبائی وزیر قانون ہے،
ریاست پر کالعدم تنظیموں کی سر پرستی کرنے کا الزام لگا کر رانا ثناء اللہ نے ایک
بار پھر خبث باطن کا اظہار کیا ہے، ان کے لیڈر بھی ملک دشمنی میں پیش پیش ہیں،
کلبھوش کی گرفتاری پر یہ غم و غصہ کی حالت میں ہیں اور آج تک وزیر اعظم نے اس پر
ایک لفظ بھی نہیں بولا اسے کسی صورت نظر انداز نہیں کیا جا سکتا، مذکورہ بیان یہ
ثابت کرتا ہے کہ پنجاب حکومت کا نفس ناطقہ رانا ثناء اللہ آپریشن ضرب عضب کو کامیاب
نہیں دیکھنا چاہتا جب سے آرمی نے جنوبی پنجاب میں چھوٹو گینگ کے خلاف کامیاب
کارروائی کی ہے، رانا ثناء اللہ اور انکے آقا آپے سے باہر ہو گئے ہیں اور ملک دشمنی
پر اتر آئے ہیں۔


تبصرہ