صدر مملکت کا کرپشن کے خلاف نفرت کااظہار خوش آئند ہے، عوامی تحریک
امید ہے جب کرپشن کنگز کے خلاف کارروائی ہو گی تو وہ ملک و قوم
کا ساتھ دیں گے، خرم نواز گنڈا پور
17 جون یوم شہدا کے انتظامی اجلاس میں خواجہ عامر فرید کوریجہ، بشارت جسپال، فیاض وڑائچ
و دیگر کا خطاب
لاہور
(15 مئی 2016) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے کہا ہے کہ
صدر مملکت کا کرپشن کے خلاف نفرت کا اظہار خوش آئیند ہے، امید ہے جب کرپشن کنگز کے
خلاف کارروائی کا آغاز ہو گا تو وہ کسی کے ’’ممنون احسان‘‘ بننے کی بجائے ملک، قوم
اور احتساب کے اداروں کا ساتھ دیں گے، وہ گذشتہ روز 17جون 2016 کے یوم شہداء کے حوالے
سے منعقدہ انتظامی اجلاس سے خطاب کر رہے تھے، ڈپٹی سیکرٹری جنرل خواجہ عامر فرید کوریجہ،
صوبائی صدر بشارت جسپال، جنوبی پنجاب کے صدر فیاض وڑائچ، ساجد بھٹی، قاضی فیض الاسلام،
مظہر علوی اور عرفان یوسف نے اجلاس میں شرکت کی، خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ قوم پانامہ
لیکس کے انکشافات کے بعد شدید اشتعال میں ہے اور ’’آف شور ‘‘ خاندان ترکی میں ولیمے
کی دعوتیں اڑا رہا ہے، بہت جلداحتساب کا شکنجہ پانامہ کے چوروں کی گردن میں ہو گا اور
یہ کسی کو منہ دکھانے کے قابل نہیں رہیں گے، خواجہ عامر فرید کوریجہ نے اجلاس سے خطاب
کرتے ہوئے کہاکہ وزیر اعظم میاں نواز شریف اپنے محسن اور 2013 کا الیکشن جتوانے میں
اہم کردادر ادا کرنے والے افتخار محمد چوہدری کے استعفیٰ دینے کے مشورے پر سنجیدگی
سے غور کریں، کیونکہ اب تک پانامہ لیکس کے ذریعے جو حقائق منظر عام پر آئے ہیں انکے
مطابق وہ صادق اور امین نہیں ہیں اور مذکورہ الزامات کی شفاف انکوائری کروانے اور قوم
کے سوالات کا جواب دینے میں بھی ناکام رہے ہیں، انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم کیلئے یہی
بہتر ہے کہ وہ عہدہ چھوڑ کر شفاف انکوائری کو یقینی بنائیں اور اپنی بے گناہی ثابت
کریں، صوبائی صدر بشارت جسپال نے کہا کہ صدر مملکت کے کرپشن کنگز کے خلاف بیان کی ٹائمنگ
بڑی زو معنی ہے، لگ رہا ہے کہ کرپشن کا مال کھانے والوں کو پائی پائی کا حساب دینا
پڑے گا اور انکا ہر عزیز رشتہ انکے لئے لوہے کا چنا ثابت ہو گا، فیاض وڑائچ نے کہاکہ
صدر مملکت سانحہ ماڈل ٹاؤن کے 14شہدا کو انصاف دلوانے کیلئے بھی اپنا کردار ادا کریں
وہ کسی حکومت کے نہیں ریاست کے سربراہ ہیں اور 17جون 2014کے دن ریاست کے 14شہریوں کو
ریاست کی فورس نے بلا اشتعال قتل کیا اور پھر دو سال گزر جانے کے بعد بھی ریاست نے
شہدا کے ورثاء کو انصاف نہیں دیا، انہوں نے کہاکہ اب وقت آ گیا ہے کہ قومی دولت اور
قومی اور ریاستی اختیارات اپنے ذاتی ایجنڈے کو پروموٹ کرنے والوں کے خلاف فیصلہ کن
کارروائی کی جائے اور عوامی تحریک ایک بار پھر اپنا قومی سیاسی کردار ادا کرنے کیلئے
تیا ر ہے۔


تبصرہ