پنجاب ٹیچرز یونین کے چارٹر آف ڈیمانڈ کی حمایت کرتے ہیں، عوامی تحریک
تعلیم دشمن حکمران اساتذہ کو وہ حیثیت نہیں دے رہے، جس کے وہ حق
دار ہیں۔ خرم نواز گنڈا پور
سرکاری سکولوں کو ناکام منصوبوں کے حوالے کرنا خلاف قانون ہے۔ ساجد محمودبھٹی
عوامی تحریک کے وفد کی اساتذہ کے احتجاجی مظاہرے میں شرکت، مظاہرین سے اظہار یکجہتی
لاہور
(14 مئی 2016) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جزل خرم نواز گنڈا پور نے لاہور میں
پنجاب ٹیچرز یونین کے احتجاجی دھرنے اور چارٹر آف ڈیمانڈ کی پر زور حمایت کرتے ہوئے
کہا ہے کہ اساتذہ کے تمام جائز مطالبات کی مکمل حمایت کرتے ہیں، پنجاب ٹیچر ز یونین
کی طرف سے اساتذہ کے مسائل پر مبنی چارٹر آف ڈیمانڈ حکمران فوری طور پر منظور کریں۔
تعلیم کے کاغذی علمبردار حکمرانوں نے پہلے ہی تعلیمی ڈھانچے کو نا قابل تلافی نقصان
پہنچائے ہیں اگر اولین فرصت میں اساتذہ کے مسائل حل نہ کئے گئے تو خدانخواستہ نا خواندگی
کا سیلاب پورے ملک کو جہالت میں ڈبو دے گا، تعلیم دشمن حکمران معزز پیشے سے وابستہ
اساتذہ کو وہ حیثیت نہیں دے رہے جس کے وہ حق دار ہیں، اساتذہ کو معاشی طور پر مستحکم
کرنا حکومت کی ذمہ داریوں میں شامل ہے۔ تنگ نظری، انتہا پسندی اور دہشت گردوں کے ہمدرد
حکمرانوں کے دور میں اساتذہ کا معاشی قتل عام کیا جا رہا ہے، انہوں نے کہا کہ حکمران
غربت کی بجائے غریب ختم کرنے کی عوام کش پالیسی پر گامزن ہیں۔ عوامی تحریک ایسے استحصالی
نظام کے خاتمے کیلئے جدوجہد کر رہی ہے جس میں اساتذہ سمیت دیگر شعبہ ہائے زندگی کے
لوگوں کی تذلیل ہو رہی ہے، ملک میں تعلیمی ایمرجنسی نافذ کرنے کی ضرورت ہے، اساتذہ
کے ساتھ ہیں کیونکہ جہالت کے خاتمے کے بغیر کسی مثبت تبدیلی کی توقع نہیں کیا جا سکتی۔
دریں اثناء پاکستان عوامی تحریک کے کوآرڈینیٹر ساجد محمود بھٹی نے وفد کے ساتھ پنجاب ٹیچرز یونین کے دھرنے میں شرکت کی اور عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہر القادری کی طرف سے احتجاج کرنے والے اساتذہ سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ اساتذہ کرام کے جائز مطالبات کی حمایت میں آج اس دھرنے میں شریک ہوئے ہیں، قاتل حکمرانوں کے مظالم سے اساتذہ سمیت کوئی طبقہ محفوظ نہیں ہے۔ سرکاری سکولوں نجی شعبہ کے حوالے کرنے کی مخالفت کرتے ہیں، حکومت کے ایسے اقدامات سے تعلیم غریب کی پہنچ سے دور ہو جائے گی۔ سرکاری سکولوں کو دانش اتھارٹی اور سکول آف ایکسی لینسی کے ناکام منصوبوں کے حوالے کرنا خلاف قانون ہے۔ پنجاب حکومت کے تعلیم اور انسان دشمن اقدمات کے خلاف اساتذہ کی حمایت کرتے رہیں گے۔ پنجاب ٹیچرز یونین کے سید سجاد کاظمی نے کہا کہ اگر ہمارے جائز مطالبات منظور نہ کئے گئے تو نہ رکنے والی احتجاجی تحریک شروع کرنے کیلئے جلد لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔ انہوں نے سر براہ عوامی تحریک ڈاکٹر طاہر القادری اور احتجاجی مظاہرے میں شرکت کرنے والے عوامی تحریک کے رہنماؤں کا شکریہ ادا کیا۔


تبصرہ