پنجاب ٹیچرز یونین کے وفد کی عوامی تحریک کے رہنماؤں سے ملاقات

لاہور (12 مئی 2016) پنجاب ٹیچرز یونین کے وفد نے صدر پنجاب سید سجاد اکبر کاظمی کی صدارت میں سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور سے مرکزی سیکرٹریٹ میں ملاقات کی اور انہیں پنجاب حکومت کے تعلیم اور انسان دشمن اقدامات سے آگاہ کرتے ہوئے ان سے مدد مانگی، اساتذہ رہنماؤں کے وفد نے اپنے مسائل کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ شعبہ تعلیم کے بجٹ کا بڑا حصہ کرپشن کی نذر ہو رہا ہے، جو کام 100 روپے میں ہو سکتا ہے اسے 200 روپے میں مکمل کیا جاتا ہے، فرنیچر کی خریداری سے لیکر عمارت کی تعمیر تک گھپلے ہو رہے ہیں، سرکاری سکولوں کو نجی شعبہ کے حوالے کر کے تعلیم کو غریب کی پہنچ سے دور کیا جا رہا ہے، سرکاری سکولوں کو دانش اتھارٹی اور سکول آف ایکسی لینس کے ناکام منصوبوں کے حوالے کرنا خلاف قانون اور تعلیم دشمنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ کا معاشی قتل عام جاری ہے، ایک میٹرک پاس کلرک کو پروموشن ملتی ہے مگر ایم ایس سی استاد کو ایک ہی گریڈ میں ریٹائر کر دیا جاتا ہے۔
خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ اساتذہ کے جائز مطالبات کے ساتھ ہیں، ہم دھرنے میں بھی شریک ہونگے، حکمرانوں کے مظالم سے کوئی طبقہ محفوظ نہیں ہے، ہم نے تو ان ظالم حکمرانوں اور اس ظالم نظام کے خلاف جدوجہد کرتے ہوئے 14 لاشیں اٹھائیں اور پنجاب حکومت اور اسکی پروردہ پولیس کے تشدد کا سامنا کرتے ہوئے 100 سے زائد کارکن عمر بھر کیلئے معذور ہوئے، ملاقات میں عوامی تحریک کے رہنما نور اللہ صدیقی، ساجد بھٹی، شہزاد رسول، شہزاد نقوی، عبدالحفیظ چودھری و دیگر موجود تھے۔


تبصرہ