کبھی کسی چور نے منت سماجت سے چور ی کا مال واپس نہیں کیا: خرم نواز گنڈاپور
حکمرانوں کی کھلی کرپشن پر خاموش ملکی اداروں سے بھی عوام سوالات
کر سکتے ہیں
حکمران خاندان کو بتانا پڑے گا کہ اس نے ڈالر کے پہاڑ کہاں سے حاصل کیے ؟
جو اپوزیشن وزیراعظم کو پارلیمنٹ تک نہ لا سکی وہ کٹہرے تک کیسے لائے گی، سیکرٹری جنرل
عوامی تحریک
لاہور
(11 مئی 2016) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ
کبھی کسی چور نے منت سماجت سے چوری کا مال واپس نہیں کیا۔ اس کیلئے مروجہ معروف طریقے
استعمال کرنا پڑیں گے۔ حکمران خاندان کو بتانا پڑے گا کہ اس نے دولت کے پہاڑ کہاں سے
حاصل کیے۔ حکمرانوں کی کھلی کرپشن پر خاموش ملکی اداروں سے بھی عوام سوالات کر سکتے
ہیں۔ وہ گزشتہ روز مرکزی سیکرٹریٹ میں 17 جون 2016 کے یوم شہداء کے انتظامات کے سلسلہ
میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ اجلاس سے احمد نواز انجم، جی ایم ملک، ساجد بھٹی،
حافظ غلام فرید، عارف چودھری و دیگر نے شرکت کی۔ خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ جو اپوزیشن
وزیراعظم کو پارلیمنٹ تک نہ لا سکی وہ کٹہرے تک کیسے لائے گی؟ وزیراعظم خود کو احتساب
کیلئے پیش کرنے سے متعلق ڈھٹائی سے جھوٹ بول رہے ہیں۔ انہیں علم ہے کہ موجودہ قوانین
میں کسی بڑے مگرمچھ کو ہاتھ لگانے کی کوئی شق موجود نہیں ہے اس لیے وہ دھڑلے سے سیر
سپاٹے کرتے پھررہے ہیں۔ خرم نوازگنڈاپور نے کہا کہ بات سوالات اور ٹی او آرز سے آگے
نکل چکی ہے۔ موجودہ حکمران باتوں سے نہیں مانیں گے۔ جو حکمران اپنی کرسی کیلئے ماڈل
ٹاؤن میں لاشوں کے ڈھیر لگا سکتے ہیں ان کے نزدیک سوالات اور ٹی او آرز کی کیا اہمیت
ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے کھلی کرپشن کی جس کے ثبوت ہر جگہ موجود ہیں۔
ملک میں احتساب کے موثر نظام کے فقدان کے باعث بڑے چور دندناتے پھررہے ہیں۔ انہوں نے
کہا کہ 17 جون کو شہدائے ماڈل ٹاؤن سے اظہار یکجہتی ہو گا اور انصاف کیلئے آئندہ کے
لائحہ عمل کا اعلان کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کی الٹی گنتی شروع ہو چکی۔


تبصرہ