17 جون کو شہدائے ماڈل ٹاؤن کے انصاف کیلئے احتجاج ہو گا، عوامی تحریک
سابق رکن صوبائی اسمبلی فیاض وڑائچ آج انسداد دہشتگردی کی عدالت میں اہم گواہی قلمبند کروائیں گے
لاہور
(10 مئی 2016) پاکستان عوامی تحریک کے رہنما اور سابق رکن صوبائی اسمبلی فیاض وڑائچ
آج سانحہ ماڈل ٹاؤن استغاثہ کیس کے حوالے سے انسداد دہشتگردی کی عدالت میں اہم گواہی
قلمبند کروائیں گے۔ استغاثہ کیس کے حوالے سے پاکستان عوامی تحریک کی طرف سے 22گواہان
اپنا بیان قلمبند کروا چکے ہیں۔ گزشتہ روز عوامی تحریک کا اہم اجلاس منعقد ہوا اجلاس
میں وکلاء اور مدعی جواد حامد نے بھی شرکت کی، اجلاس میں استغاثہ کیس کے حوالے سے تفصیلی
جائزہ لیا گیا، اجلاس میں سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور، صوبائی صدر بشارت جسپال،
بریگیڈئر (ر) محمد مشتاق بھی شریک ہوئے۔
خرم نواز گنڈا پور نے کہاکہ پنجاب حکومت کے جعلی جے آئی ٹی بنانے سے لے کر جھوٹے چالان تک ہر مرحلہ پر انصاف کا خون کیا اور حقائق مسخ کرنے کی کوشش کی تا ہم اب فیصلہ کیا ہے کہ قانونی جنگ بھی لڑیں گے اور سڑکوں پر بھی انصاف کا حق لینے کیلئے نکلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں 17جون کو یوم شہدا منانے سے اپنی تحریک کا آغاز کریں گے۔ 17 جون کے دن عوامی تحریک کا کارکن ثابت کریں گے کہ وہ اپنے شہید بھائیوں اور بہنوں کے بہنے والے نا حق خون کو بھولے ہیں اور نہ ہی مکمل انصاف تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔


تبصرہ