کل انسداد دہشتگردی کی عدالت میں اہم گواہی قلمبند ہو گی، خرم نواز گنڈا پور
عوامی تحریک کے کارکن احتجاجی مظاہرہ اور علامتی دھرنا بھی دیں گے، سیکرٹری جنرل عوامی تحریک
17 جون کو یوم شہدا منائیں گے، ایک ایک قاتل کا چہرہ آنکھوں کے سامنے ہے، خواجہ عامر فرید کوریجہ
لاہور
(8 مئی 2016) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے کہا ہے کہ
کل 9 مئی 12 بجے دن انسداد دہشتگردی کی عدالت میں سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس کے حوالے سے
ایک اہم گواہی قلمبند ہو گی اور عوامی تحریک اور تحریک منہاج القرآن کی طرف سے احتجاجی
مظاہرہ اور علامتی دھرنا ہو گا۔ گواہی قلمبند کروانے کے بعد عوامی تحریک کے وکلاء اور
گواہان میڈیا سے خصوصی بات چیت بھی کرینگے۔ خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ 17جون 2018
کو سانحہ ماڈل ٹاؤن کو 2سال مکمل ہو جائینگے اور 17جون کو ہم یوم شہدا کے طور پر منائیں
گے، جس کے انتظامات شروع کر دئیے ہیں۔ پاکستان عوامی تحریک کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل خواجہ
عامر فرید کوریجہ نے مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماڈل
ٹاؤن میں خون کی ہولی کھیلنے والے ایک ایک قاتل کا چہرہ ہماری آنکھوں کے سامنے ہے۔
جب تک ہمارے شہیدوں کے قاتل اپنے انجام کو نہیں پہنچتے ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ انہوں
نے کہا کہ 17جون سے ہم انصاف کیلئے میدان میں نکل رہے ہیں اور 17جون کے بعد قاتل دندناتے
ہوئے نہیں ملیں گے، انصاف کیسے لینا ہے اس کی حکمت عملی طے کر لی ہے، 2سال میں ہمیں
انصاف کے کسی ادارے نے انصاف نہیں دیا اب ہم مزید صبر کا مظاہرہ نہیں کر سکتے۔


تبصرہ