باردانہ کسانوں کی بجائے آڑھتیوں کو مل رہا ہے: خواجہ عامر فرید کوریجہ
کسان بھکاریوں کی طرح گندم کے فوڈ سنٹرز کے چکر لگارہے ہیں، ڈپٹی
سیکرٹری جنرل پی اے ٹی
بھوک اور دھوپ سے تنگ کسان اپنی گندم اونے پونے بیچ رہا ہے
لاہور
(7 مئی 2016) پاکستان عوامی تحریک کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل خواجہ عامر فرید کوریجہ نے
کہا کہ ہے کہ جنوبی پنجاب کے کسانوں کو اورنج ٹرین، میٹرو بسوں یا موٹرویز سے کوئی
دلچسپی نہیں ان کی ایک ہی ضرورت ہے کہ حکومت ان سے گندم خریدے۔ انہوں نے کہا کہ شہباز
حکومت کے مسلسل 8 ویں سال بھی گندم کے کاشتکاروں کے ساتھ ظلم بند نہیں ہوا۔ کسان بھکاریوں
کی طرح گندم کے فوڈ سنٹرز کے چکر لگارہے ہیں اور کوئی گندم خریدنے والا نہیں۔ دھوپ
اور بھوک سے تنگ کسان اونے پونے گندم بیچ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ باردانہ کسانوں
کی بجائے آڑھتیوں کو مل رہا ہے۔ وہ گزشتہ روز مرکزی سیکرٹریٹ میں اخبار نویسوں سے گفتگو
کررہے تھے۔ خواجہ عامر فرید کوریجہ نے کہا کہ کسانوں کا اس بات پر پختہ یقین ہو چکا
ہے کہ جب تک ن لیگ کی حکومت رہے گی ان کے ساتھ ظلم اور زیادتی بند نہیں ہوگی۔ انہوں
نے کہا کہ پنجاب حکومت کسانوں سے ہر سال 100 سے 150ارب روپے کی گندم خریدنے کا اعلان
کرتی ہے مگر عملاً یہ گندم آڑھتیوں اور مڈل مینوں سے خریدی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ
حکمران اپنے کسان دشمن رویے کے باعث کسانوں کو سڑکوں پر آنے پر مجبور کر رہے ہیں۔


تبصرہ