17 جون یوم شہداء منایا جائیگا، عوامی تحریک کی کور کمیٹی کا فیصلہ
دو سال مکمل ہونے پر شہداء کے ورثاء سے اظہار یکجہتی اور انصاف
کیلئے لائحہ عمل طے کیا جائیگا
اجلاس میں سانحہ ماڈل ٹاؤن، پانامہ لیکس اور ڈاکٹر طاہرالقادری کی وطن واپسی کے حوالے
سے تبادلہ خیال

لاہور (7 مئی 2016) پاکستان عوامی تحریک کی سنٹرل کور کمیٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ 17 جون 2016ء کو یوم شہداء کے طور پرمنایا جائے گا۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے 2 سال مکمل ہونے پر شہداء سے اظہار یکجہتی اور انصاف کیلئے حکمت عملی کا اعلان کیا جائیگا۔ کور کمیٹی کے اجلاس کی صدارت ڈاکٹر حسن محی الدین نے کی جبکہ خرم نواز گنڈاپور، خواجہ عامر فرید کوریجہ، بشارت جسپال، فیاض وڑائچ، بریگیڈیئر (ر) محمد مشتاق، احمد نواز انجم، نوراللہ صدیقی، ساجد بھٹی، قاضی فیض الاسلام نے شرکت کی۔ اجلاس میں سانحہ ماڈل ٹاؤن، قائدانقلاب ڈاکٹر طاہرالقادری کی وطن واپسی اور پانامہ لیکس کے انکشافات آنے کے بعد کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر حسن محی الدین نے کہا کہ دو سال گزر جانے کے بعد سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہداء کے ورثارء کو انصاف نہیں ملا۔ ملکی تاریخ کے اس اہم ترین کیس کو روایتی کیسز کی طرح داخل دفتر کرنے کی کوششیں جاری ہیں اور شہداء کے ورثاء کو انصاف کے آئینی حق سے محروم رکھا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب مزید انتظار نہیں کرینگے۔ شہداء کے انصاف کیلئے ہر دروازے پر دستک دینگے اور ہر حد تک جائینگے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ پانامہ لیکس کے انکشافات کو ایک ماہ گزر گیا وزیراعظم خود کو احتساب کیلئے پیش کرنے کی بجائے احتساب سے بھاگ رہے ہیں۔ انہوں نے وزیراعظم کی طرف سے سکھر جلسہ میں اپوزیشن کے حوالے سے اختیار کیے گئے غیر مہذب لب و لہجہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگرد وہ ہیں جنہوں نے ملک اور قوم کی دولت کو لوٹا اور بیرون ملک جائیدادیں خریدیں اور آف شور کمپنیاں بنائیں۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی سیکرٹری جنرل خواجہ عامر فرید کوریجہ نے کہا کہ انشاء اللہ تعالیٰ قائد انقلاب ڈاکٹر محمد طاہرالقادری بہت جلد اپنے عوام کے درمیان ہونگے، الحمدللہ وہ مکمل فٹ ہیں۔ ماڈل ٹاؤن کے قاتلوں اور پانامہ کے چوروں کا احتساب ڈاکٹر طاہرالقادری ہی کرینگے۔ اجلاس میں یوم شہداء کے جملہ انتظامات کیلئے کمیٹیاں بھی تشکیل دے دی گئی ہیں۔
ڈاکٹر حسن محی الدین نے کہا کہ قائد انقلاب اپنی وطن واپسی کی حتمی تاریخ کا اعلان سنٹرل کور کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں کرینگے۔ اجلاس میں پاکستانی نژاد صادق خان کو لندن کا میئر منتخب ہونے پر مبارکباد دی گئی۔


تبصرہ