حکومتی ہٹ دھرمی کے باعث فیصلہ تھرڈ ایمپائر کے پاس جا سکتا ہے، عوامی تحریک
وزیراعظم نے خود کو احتساب کیلئے پیش نہیں کیا اور نہ ہی وہ فیئر ٹرائل برداشت کرینگے
وزیراعلیٰ پنجاب نے بھی کہا تھا ماڈل ٹاؤن کمیشن نے ذمہ دار ٹھہرایا تو گھر چلا جاؤں گا، رہنماؤں کا ردعمل
لاہور(4
مئی 2016) پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل خواجہ عامر فرید کوریجہ،
صوبائی صدور بشارت جسپال اور فیاض وڑائچ نے وزیر داخلہ کی پریس کانفرنس کے ردعمل میں
کہا ہے کہ پانامہ لیکس پر حکومتی ہٹ دھرمی کے باعث فیصلہ تھرڈ ایمپائر کے پاس جا سکتا
ہے، وزیراعظم کی ضد سے لگ رہاہے وہ لولی لنگڑی جمہوریت تو قربان کر سکتے ہیں، مگر فیئر
ٹرائل کسی صورت برداشت نہیں کریں گے، رہنماؤں نے کہا کہ وزیر داخلہ کا یہ کہنا درست
نہیں ہے کہ وزیراعظم نے خود کو احتساب کیلئے پیش کر دیا۔ محض خط لکھنا احتساب کیلئے
پیش کرنے کے زمرے میں نہیں آتا، خط لکھ کر سیاسی فوائد اٹھائے گئے اور قوم کو گمراہ
کیا گیا، چیف جسٹس آف سپریم کورٹ یا کوئی اور معزز جج ٹرائل نہیں کر سکتا، ٹرائل کیلئے
خصوصی اختیارات تفویض کرنا ہو نگے، جس پر حکمران لیت و لعل سے کام لے رہے ہیں، انہوں
نے کہا کہ وزیراعظم خود کو احتساب کیلئے پیش کرنے پر آمادہ ہوتے تو وہ اپوزیشن کی مشاورت
سے ٹی او آرز تیار کرتے اور پھر ضروری قانون سازی کرواتے اور جوڈیشل کمیشن کی تشکیل
ممکن بناتے۔ ابھی تک ایسا کچھ نہیں ہوا بلکہ وزیراعظم دھمکیاں دے کر اپوزیشن لیڈر کا
کردار ادا کر رہے ہیں، رہنماؤں نے کہاکہ سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹر محمد طاہرالقادری
نے فیئر ٹرائل کے حوالے سے قوم کے سامنے قانونی تجاویز رکھ دی ہیں، ان پر عمل کئے بغیر
شفاف تحقیقات نا ممکن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے متفقہ ٹی او آرز با ضابطہ طور
پر موصول ہونے سے پہلے ہی حکومت نے ٹی او آرز مسترد کر دئیے جو اس بات کا اعلان ہے
کہ حکومت اپوزیشن کو کچھ نہیں سمجھتی اور نہ ہی پانامہ لیکس کا فیئر ٹرائل چاہتی ہے،
انہوں نے کہا کہ قومی دولت بے دردی سے لوٹی گئی اور کھلے ثبوتوں کے باوجود کوئی ادارہ
عملاً باز پرس کیلئے تیار نہیں ہے، وزیراعظم کرپشن کے سنگین چارجز کی زد میں ہیں اور
عوام بلا تاخیر فیئر ٹرائل چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے بھی کہا
تھا کہ ماڈل ٹاؤن کمیشن نے ذمہ دار ٹھہرایا تو گھر چلا جاؤں گا لیکن میاں شہباز شریف
نے الٹا شہداء کے 42ورثاء اور گواہان کو قتل کا ذمہ دارٹھہرا کر جھوٹاچالان دہشتگردی
کی عدالت میں بجھوا دیا۔ وزیراعظم کی دھمکیوں سے ثابت ہو گیا کہ پاکستان میں قانون
صرف کمزوروں کیلئے ہیں۔


تبصرہ