مزدور دشمن نظام کو دفن کر کے دم لیں گے، ڈاکٹر طاہرالقادری
مزدور کے بچے کو تعلیم، صحت کی سہولتوں سے محروم رکھنے والے انسانیت
کے دشمن ہیں
جس دن مزدور اور کسان سڑک پر آ گئے انقلاب آ جائے گا، سربراہ عوامی تحریک

لاہور (01 مئی 2016) پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہرالقادری نے مزدوروں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے بیان مین کہا کہ مزدودر دشمن نظام کو دفن کر کے دم لیں گے۔ مزدور کے بچے کو تعلیم، صحت کی سہولتوں سے محروم رکھنے والے انسانیت کے دشمن ہیں۔ حکومتی مظالم کا شکار غریب عوام کیلئے پہلے بھی جانی و مالی قربانیاں دیں، آئیندہ بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت آج بھی مزدور کی محنت کے دم پر ہے، حکمران اور ایلیٹ طبقہ تو ٹیکس چوری کر کے بیرونی ممالک میں لے جاتا ہے مگر ہمارا محنت کش اپنا خون پسینہ ایک کر کے زمین سے سونا نکالتا ہے، صنعت چلاتا ہے اور ملکی معیشت کا سہارا بنا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیرونی ممالک میں مقیم لاکھوں مزدور پاکستانی دن رات محنت کر کے زر مبادلہ بھجواتے ہیں اسی زر مبادلہ کی وجہ سے پاکستان دیوالیہ ہونے سے بچا ہوا ہے، انہوں نے کہا کہ موجودہ نظام اندرون اور بیرون ملک میں مقیم مزدوروں کی تذلیل کر رہا ہے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ ہمارا 10 نکاتی انقلابی ایجنڈا مزدور کی خوشحالی کا ضامن ہے۔ کسانوں میں سرکاری زمینیں مفت بانٹیں گے۔ بے گھر افراد کو گھر دیں گے اور کسی صنعتکار کو یہ ہمت نہیں ہونے دینگے کہ وہ مزدور کے بچے کا خون اپنے بچوں کو پلائے، انہیں تعلیم سے محروم رکھے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ سٹیٹس کو کی طاقتیں مزدور کا خون نچوڑ کر اپنی تجوریاں بھر رہے ہیں۔ ہر سال لاکھوں خاندان غربت کی لکیر کے نیچے جا رہے ہیں جبکہ حکمرانوں کے اثاثے دن دگنی رات چوگنی ترقی کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جس دن پاکستان کا مزدور اور کسان مل کر سڑک پر آ گیا اسی دن انقلاب آجائے گا اور ظلم کاراج اپنی موت آپ مر جائے گا۔


تبصرہ