1936 سے کاروبار کرنے والا خاندان ٹیکس دینے کی تفصیل بھی بتائے، عوامی تحریک
وفاقی وزراء مے فیئر فلیٹس کے متعلق سچ بولنے والے چودھری نثار
کی پیروی کریں، رہنما
حکمران خاندان بتائے دولت کے پہاڑ پاکستا ن سے جدہ اور براستہ پانامہ لندن کیسے پہنچے؟
خرم نواز گنڈاپور
لاہور
(یکم مئی 2016) 1936 سے کاروبار کرنے والے حکمران خاندان کے چشم و چراغ وزیراعظم پاکستان
قوم کو ٹیکس دینے کی تفصیلات سے بھی آگاہ کریں، وفاقی وزراء جھوٹ بولنے کی بجائے مے
فیئرز فلیٹس کے متعلق سچ بولنے والے وفاقی وزیر چودھری نثار کی پیروی کریں، حکمران
خاندان کو بتانا ہو گا کہ دولت کے پہاڑ پاکستا ن سے جدہ اورجدہ سے براستہ پانامہ لندن
اور متحدہ عرب امارات کیسے پہنچے؟ ان خیالات کا اظہار پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی
رہنماؤں خرم نواز گنڈا پور، خواجہ عامر فرید کوریجہ اور مرکزی سیکرٹری اطلاعات نور
اللہ صدیقی نے وفاقی وزراء کی پریس کانفرنس کے ردعمل میں کیا۔ رہنماؤں نے کہا کہ کرپشن
زدہ خاندان کے حق میں بولنے والے وزراء کو کچھ عرصہ بعد جب انکی ویڈیوز دکھائی جائینگی
تو پھر یہ دیکھ کر شرمائیں گے۔ حکمران خاندان دنیا جہان کی باتیں کر رہا ہے مگر آمدن
کے ذرائع اور ٹیکسوں کی ادائیگی کے بارے میں کچھ نہیں بتا رہا۔ جس وزیر اعظم کے اپنے
دامن پر داغ ہیں وہ دودسروں پر انگلی اٹھانے کا کوئی قانونی، اخلاقی جواز نہیں رکھتا،
پانامہ لیکس کی روشنی میں عوام سب سے پہلے حکمران خاندان کا محاسبہ چاہتے ہیں۔
خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے احتساب کا طریقہ کار واضح کر دیا ہے کہ با اختیار کمیشن کی تشکیل کیلئے اپوزیشن جماعتوں کی مشاورت سے آرڈیننس لایا جائے اور آرڈیننس کے نتیجے میں بننے والے کمیشن کے پاس تحقیقات کے ساتھ ساتھ سزا سنانے کا اختیار بھی ہو۔
خواجہ عامر فرید کوریجہ نے کہا کہ جوں جوں وقت گزر رہا ہے اقتدار نواز شریف کے ہاتھ سے نکلتا جا رہا ہے، جو وزیر اعظم دو دو سال سینیٹ اور قومی اسمبلی میں نہیں جاتا تھا اب کچھ تو ہے، چلبلاتی دھوپ میں شہر شہر پھر رہا ہے، اگر انکے ذہن میں یہ بات ہے کہ وہ نئے انتخاب کا ڈرامہ کر کے احتساب سے بچ جائیں گے تو یہ انکی بہت بڑی بھول ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کے خاندان کے معاشی جرائم کھلی کتاب کی طرح ہیں ان سے صرف نظر کرنے والے ادارے بھی آئیندہ نسلوں کو جوابدہ ہوں گے۔
پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات نور اللہ صدیقی نے کہا کہ وفاقی وزراء صرف نوکری کر رہے ہیں انہیں بھی پتہ ہے کہ انکے لیڈر نے دونوں ہاتھوں سے ملک لوٹا، وفاقی وزراء جماعت کی بجائے ملک کا سوچیں، انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سیاسی تاریخ میں پہلی بار حکمرانوں کی کرپشن کے خلاف ملک گیر تحریک چلے گی اور لٹیرے پائی پائی کا حساب دیں گے، انہوں نے کہا کہ اب معاملہ پریس کانفرنسوں، اشتہاری مہم اور اخباری بیانات سے آگے جا چکا ہے۔


تبصرہ