’’ذاتی الزامات کی وضاحت کیلئے وزیراعظم قومی خزانے کا استعمال نہیں کر سکتے‘‘
عوامی تحریک نے سرکاری خزانے سے اشتہاروں کی ادائیگی کو عدالت میں
چیلنج کر دیا
حکمران خاندان کی تجوریاں بھری ہوئی ہیں، ذاتی تشہیر ذاتی پیسے سے کرے:مرکزی سیکرٹری
اطلاعات
لاہور
(29 اپریل 2016) پاکستان عوامی تحریک نے پاناما لیکس کے حوالے سے حکومت پاکستان کی
طرف سے اشتہارات کی اشاعت کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ
اشتہارات کی اشاعت کے اخراجات وزیراعظم سے وصول کر کے خزانے میں جمع کروائے جائیں۔
ذاتی تشہیر کیلئے قومی خزانے کے استعمال کا کوئی قانونی، اخلاقی، جمہوری جواز نہیں
ہے۔ رٹ پٹیشن پاکستان عوامی تحریک کے رہنما سینئر وکیل اشتیاق چودھری ایڈووکیٹ کی طرف
سے دائر کی گئی ہے۔ اشتیاق چودھری ایڈووکیٹ نے رٹ پٹیشن دائر کرنے کے بعد میڈیا سے
گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاناما لیکس کے انکشافات پر حکمران خاندان کے دفاع کیلئے سرکاری
خزانے سے کروڑوں روپے کے حکومتی اشتہارات دئیے جارہے ہیں جو غیر قانونی اور اختیارات
کا ناجائز استعمال ہے لہٰذا یہ رقم وزیراعظم سے وصول کی جائے۔ دریں اثناء پاکستان عوامی
تحریک کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات نواللہ صدیقی نے کہا ہے کہ حکمران خاندان کی تجوریاں
بھری ہوئی ہیں وہ چاہیں تو پورا سال ایسی تشہیری مہم جاری رکھ سکتا ہے۔ قومی خزانہ
عوام کی امانت ہے عوام کے خون پسینے کے ٹیکسوں کا پیسہ کسی کی ذاتی تشہیر اور ’’صفائیوں
‘‘پر خرچ کرنا بے ایمانی اور بددیانتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم سے ریکوری کی جائے
اور آئندہ کیلئے ایسی ذاتی اور نجی تشہیری مہم پر پابندی لگائی جائے اور اس ضمن میں
پہلے سے موجود عدالتی فیصلوں پر عمل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پاناما لیکس کے انکشافات
سے وزیراعظم بوکھلاہٹ کا شکار ہیں۔ انہیں چاہیے کہ وہ غلطی پر غلطی کرنے اور جھوٹ پر
جھوٹ بولنے کی بجائے ایک ہی دفعہ اپنے خاندان کے اعلانیہ اور غیر اعلانیہ اثاثوں کے
بارے میں قوم کے سامنے پورا سچ رکھ دیں۔


تبصرہ