پاناما سکینڈل میں ملوث حکمرانوں نے اپوزیشن کے خلاف اعلان جنگ کر دیا: خواجہ عامر فرید کوریجہ
لیہ میں 27 جانیں مٹھائی سے نہیں علاج کی سہولت نہ ملنے پر ضائع
ہوئیں، ڈپٹی سیکرٹری جنرل
پنجاب میں فوج آپریشن کرے، پولیس کی اہلیت چھوٹو گینگ مقابلہ میں سامنے آ چکی
لاہور
(27 اپریل 2016) پاکستان عوامی تحریک کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل خواجہ عامر فرید کوریجہ
نے کہا ہے کہ پاناما لیکس سکینڈل میں ملوث حکمرانوں نے اپنی آمدن کے ذرائع بتانے کی
بجائے اپوزیشن کے خلاف اعلان جنگ کر دیا ہے، آف شور کمپنیوں کے پیچھے اور فرنٹ پر وزیراعظم
کے اپنے بچے ہیں۔ نئی تاویلیں نیا جھوٹ اور وضاحتیں ڈرامہ ہیں۔ وہ گزشتہ روز یہاں پاکستان
عوامی تحریک کی مشاورتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کے بعد اخبار نویسوں سے گفتگو کررہے
تھے۔ خواجہ عامر فرید کوریجہ نے لیہ میں 27 قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کااظہار کرتے
ہوئے کہا کہ ان اموات کا ذمہ دار وزیراعلیٰ پنجاب اور ان کا ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ ہے کیونکہ
لیہ کے ہسپتالوں میں علاج معالجے کی سہولتیں ہوتیں اور مریضوں کو بروقت طبی امداد مل
جاتی تو اس جانی نقصان سے بچا جا سکتا تھا۔ انہوں نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا
وزیراعلیٰ پنجاب نے خطہ کی روایات کے برعکس گھروں میں جا کر لواحقین سے تعزیت کرنے
کی بجائے انہیں اپنے پاس طلب کر کے افسوس کرنے کا ڈرامہ رچایا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم
اور وزیراعلیٰ پنجاب کی پہلی ترجیح موٹرویز، اورنج ٹرینیں اور میٹرو بسیں ہیں انہیں
انسانی جانیں بچانے سے غرض نہیں ہے اگر غرض ہوتی تو قوم کا پیسہ عیاشی کے منصوبوں پر
خرچ کرنے کی بجائے ہسپتالوں کی حالت بہتر کرنے پر خرچ کرتے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان
عوامی تحریک نے پانامہ لیکس ایشو پر پورے ملک میں احتجاج کا آغاز کردیا ہے اور سیالکوٹ،
لاہور، لودہراں، ملتان، شیخوپورہ، اوکاڑہ، سرگودھا، کراچی، پشاور سمیت ملک کے کئی حصوں
میں مظاہرے ہوچکے ہیں اور 30 اپریل کو پاکستان عوامی تحریک اسلام آباد میں احتجاجی
مظاہرہ کررہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب میں فوج اور رینجرز کے آپریشن کے علاوہ
کوئی حل نہیں۔ پنجاب کے حکمران جو معمولی بھتہ گیروں اور ٹھیکیدار مافیا کے ہاتھوں
مجبور اور بے بس ہیں وہ چھوٹو گینگ یا دیگر دہشت گروں کے خلاف کیا کاروائی کریں گے۔


تبصرہ