عوام موٹرویز کے گھسے پٹے اعلانات نہیں پانامہ لیکس کا حساب چاہتے ہیں: عوامی تحریک
وزیراعظم کو کوٹلی ستیاں کے عوام کو اعلانیہ، غیر اعلانیہ اثاثوں
کی تفصیل بتانی چاہیے تھی:خرم نواز گنڈاپور
کراچی کا امن فوج کاکارنامہ، چھوٹو گینگ کی پرورش شریف برادران کی کارکردگی ہے :بشارت
جسپال
لاہور
(25 اپریل 2016) پاکستان عوامی تحریک سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے وزیراعظم کے
خطاب پر اپنے شدید ردعمل میں کہا ہے کہ عوام پانامہ لیکس کی لوٹ مار کا حساب چاہتے
ہیں۔ موٹرویز بنانے کے گھسے پٹے اعلانات کی کوئی وقعت نہیں۔ آئندہ چند سالوں میں لوڈشیڈنگ
کا خاتمہ ہو یا نہ ہو کرپٹ خاندانوں کی سیاست کا خاتمہ ضرور ہو جائے گا۔ تین سالوں
میں کرپشن اور لوڈشیڈنگ کے اندھیروں میں اضافہ ہوا۔ عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹری جنرل
نے ردعمل میں کہا کہ کوٹلی ستیاں میں چیک بانٹنے کے نام پر پٹواریوں، مالیوں کو جمع
کیا گیاوزیراعظم کے اعلانات میں ان کے اندر کی بوکھلاہٹ ان کے چہرے پر نمایاں تھی۔
کراچی کا امن اور وزیرستان کا آپریشن فوج کا کارنامہ ہے، شریف برادران کا واحد کارنامہ
کالعدم تنظیموں کی سرپرستی اور چھوٹو گینگز کی پرورش ہے۔ پاکستان عوامی تحریک پنجاب
کے صوبائی صدر بشارت جسپال، جنوبی پنجاب کے صدر فیاض وڑائچ نے ردعمل میں کہا کہ پاکستان
کے عوام اب کرپٹ لیڈرشپ سے نجات چاہتے ہیں۔ سڑکوں، پلوں کے اعلانات زمانہ غار کی سیاست
ہے جس کی 21 ویں صدی میں کوئی گنجائش نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کو چاہیے تھا
کہ وہ کوٹلی ستیاں کے عوام کے سامنے اپنے اور اپنے خاندان کے اثاثے رکھتے اور بتاتے
کے انہوں نے گزشتہ 20سالوں میں کتنا ٹیکس دیا، کتنے اثاثے بنائے اور کتنا جھوٹ بولا۔
انہوں نے کہا کہ دو نمبر دولت اور اثاثوں کی چھان بین کیلئے انٹرنیشنل فرانزک فرم کی
خدمات ناگزیر ہو گئی ہیں۔ تین سال تک عوام سے جھوٹ بولنے والے اب بیانات اور خوش کلامی
سے اپنے جرائم پر پردہ نہیں ڈال سکتے۔ بجلی کے تین منصوبوں میں 100ارب روپے بچانے کا
دعویٰ کرنے والے 480ارب روپے کے گردشی قرضوں کی ادائیگی اور نندی پور کرپشن کا جواب
دیں۔


تبصرہ