موجودہ نظام نہیں رہے گا، حکمرانوں کی الٹی گنتی شروع ہو گئی: میجر(ر) محمد سعید
کرپٹ نظام نے کرپٹ لیڈر دئیے، ڈاکٹر طاہرالقادری نے جو کہا سچ ثابت
ہوا
آئندہ عام انتخابات میں عوامی تحریک کے کارکنوں کا اہم کردار ہو گا، چیف آرگنائزر پی
اے ٹی
لاہور
(25 اپریل 2016) پاکستان عوامی تحریک کے چیف آرگنائزر میجر(ر) محمد سعید نے کہا ہے
کہ موجودہ ظلم کا نظام نہیں رہے گا۔ کرپٹ حکمرانوں کی الٹی گنتی شروع ہو گئی۔ اب دنیا
کی کوئی طاقت اس گرتی ہوئی دیوار کو نہیں بچا سکتی۔ نواز حکومت کے وزراء اور اراکین
اسمبلی نے ملک کی خدمت کی بجائے لوٹ مار کی۔ وہ گزشتہ روز پاکستان عوامی تحریک لاہور
کے پی پی آرگنائزرز کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ میجر(ر) محمد سعید نے کہا کہ موجودہ
کرپٹ نظام نے کرپٹ لیڈر دئیے۔ کرپشن اور لوٹ مار کو تحفظ دینے والے اس نظام کو ختم
کرنے کا وقت آگیا ہے اور آئندہ عام انتخابات میں عوامی تحریک کا اہم کردار ہو گا کیونکہ
کرپشن اور ظلم کے خلاف جو قربانیاں پاکستان عوامی تحریک کے کارکنوں نے دی ہیں وہ کسی
اور نے نہیں دیں۔ عوامی تحریک کے چیف آرگنائزر نے کہا کہ پاکستان کو حقیقی جمہوریت
کی پٹڑی پر چڑھانے کیلئے سیاست کو معاشی دہشتگردوں اور مافیاز سے نجات دلانا ضروری
ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ عام انتخابات سے قبل ’’صفائی مہم ‘‘ناگزیر ہے ورنہ پھر کرپٹ
عناصر اپنی ناجائز دولت کا سہارا لیکر اسمبلیوں میں پہنچ جائینگے۔ انہوں نے کہا کہ
حکمران جان گئے ہیں کہ وہ اقتدار کے ایوانوں میں مہمان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پانامہ
لیکس ملکی تاریخ کا سب سے اہم کیس ہے۔ قومی دولت لوٹنے والوں کو پائی پائی کا حساب
دینا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ عوامی تحریک کی تنظیم سازی کا کام تیز کر دیا گیا ہے
اور مختلف جماعتوں کے کارکن عوامی تحریک میں شامل ہورہے ہیں بہت جلد لاہور میں عظیم
الشان ورکرز کنونشن کاانعقاد ہو گا۔


تبصرہ