مجلس وحدت المسلمین کے وفد کی عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹریٹ آمد
پانامہ لیکس : عوامی تحریک اور مجلس وحدت المسلمین حکومت کے خلاف
مشترکہ جدوجہد پر متفق
پانامہ لیکس پر حکومت جان بوجھ کر معاملہ کو الجھا رہی ہے، خرم نواز گنڈا پور
پانامہ لیکس کے بعد نواز حکومت حق حکمرانی کھو چکی ہے، بے گناہی ثابت کریں یا گھر جائیں،
راجہ ناصر عباس

لاہور (23 اپریل 2016) مجلس وحدت المسلمین کے سربراہ راجہ ناصر عباس کی قیادت میں وفد نے عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور سے ملاقات کی، اس موقع پر دونوں جماعتوں کے مرکزی رہنماء خواجہ عامر فرید کوریجہ، ناصر شیرازی، بریگیڈئر (ر) مشتاق احمد، بشارت جسپال، فیاض وڑائچ، نور اللہ صدیقی، راجہ زاہد، ساجد بھٹی، علامہ عبد الخالق اسدی بھی موجود تھے۔
ملاقا ت کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے سربراہ وحدت المسلمین علامہ راجہ ناصر عباس نے کہاکہ پانامہ لیکس کے بعد نواز حکومت حق حکمرانی کھو چکی ہے، اپنی بے گناہی ثابت کریں یا گھر جائیں، پانامہ لیکس پر عوامی تحریک اور مجلس وحدت المسلمین حکومت کے خلاف مشترکہ جدوجہد پر متفق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن میں حکمرانوں نے بے گناہوں کا قتل عام کیا، دینی اور آئینی ذمہ داری کے ساتھ قاتلوں سے نفرت کرتے رہیں گے۔ کرپٹ حکمران اللہ کی پکڑ میں ہیں، بد یانت اور نا اہل حکمرانوں کو اب جانا ہی ہو گا۔ انہوں نے کہاکہ حکمرانوں کی باتوں میں تضاد ہے، ثابت کریں کہ وہ کرپٹ نہیں۔ اخلاقی اور آئینی طور پر حکمران پاکستانی عوام پر حکومت کرنے کا حق کھو چکے ہیں، سانحہ ماڈل ٹاؤن جسٹس باقر نجفی کی رپورٹ کیوں منظر عام پر نہیں لائی گئی؟ ظالم حکمران اپنے خلاف آنے والی ہر رپورٹ چھپا جاتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ حکمرانوں کے خلاف اپوزیشن کو متحد ہو کر کام کرنا ہو گا، اپوزیشن کی تمام جماعتیں الگ الگ 20 قدم اٹھانے کی بجائے 10 قدم مل کر اٹھائیں۔
اس موقع گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل عوامی تحریک خرم نواز گنڈا پورنے کہاکہ مجلس وحدت المسلمین کے وفد کو مرکزی سیکرٹریٹ میں خوش آمدید کہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن کے خلاف تمام اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد کی ضرورت ہے، پانامہ لیکس پر حکومت جان بوجھ کر معاملہ کو الجھا رہی ہے۔ وزیر اعظم پارلیمنٹ کے سامنے دو اور دو چار کی طرح اپنا موقف واضح کریں۔ وزیر اعظم چیف جسٹس کو ٹرمز آف ریفرنس کے گورکھ دھندے میں الجھانا چاہتے ہیں، انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک کا واضح موقف ہے کہ وزیر اعظم استعفیٰ دے کر اپنے خلاف ہونے والی انکوائری میں شامل ہوں۔ انہوں نے کہاکہ مجلس وحدت المسلمین سمیت تمام ہم خیال جماعتوں کے ساتھ رابطے میں ہیں۔


تبصرہ