عوام کرپٹ حکمرانوں اور ظالم نظام سے نجات چاہتے ہیں: خرم نواز گنڈاپور
استعفیٰ دو تحریک کے سلسلے میں جنوبی پنجاب میں کامیاب مظاہروں
پر رہنماؤں کو مبارکباد
وزیراعظم نے ای سی جی کروانی تھی تو وہ لاہور میں بھی ہو سکتی تھی، لندن کیوں گئے؟
لاہور
(15 اپریل 2016) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ
ملک گیر احتجاجی مظاہروں کا آغاز کر دیا۔ لاہور، کراچی کے بعد ملتان، بہاولپور، رحیم
یار خان، وہاڑی، ڈی جی خان میں کرپٹ وزیراعظم کے خلاف استعفیٰ دو تحریک کے سلسلے میں
پر جوش مظاہرے اس بات کا ثبوت ہیں کہ عوام اس کرپٹ نظام اور حکمرانوں سے نجات چاہتے
ہیں۔ وزیراعظم نے اگر ای سی جی کروانی تھی تو وہ لاہور میں بھی ہو سکتی تھی، لندن کیوں
گئے؟۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے درست کہا یہ معائنے کیلئے نہیں بلکہ ’’مکمل علاج ‘‘ کیلئے
لندن گئے۔ مکمل علاج سے مراد پانامہ لیکس کے ذریعے سامنے آنے والے انکشافات کا جواب
تلاش کرنا ہے۔ وہ گزشتہ روز مرکزی سیکرٹریٹ میں کرپٹ حکمرانوں کے خلاف ملک گیر احتجاجی
مظاہروں کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ استعفے دو تحریک کے اگلے مظاہرے فیصل آباد، راولپنڈی میں ہونگے اور وزیراعظم کے استعفے تک جاری رہیں گے۔ انہوں نے کامیاب احتجاجی مظاہرہ پر جنوبی پنجاب کے صدر سابق رکن صوبائی اسمبلی فیاض وڑائچ اور دیگر رہنماؤں و کارکنوں کو مبارکباد دی۔ خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ قومی خزانے کے مجرم کو کوئی حق حاصل نہیں کہ وہ اپنے علاج کیلئے قومی خزانہ استعمال کرے، وزیراعظم نے اپنے علاج کی آڑ میں ایک بار پھر قومی خزانے کو لاکھوں روپے کا ٹیکہ لگا کر قوم کو پیغام دیا ہے کہ یہ صحت مند ہوں یا بیمار ان کا مقصد قومی خزانے کو نقصان پہنچانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم علاج کیلئے نہیں بلکہ پانامہ لیکس کے حوالے سے جو ثبوت سامنے آئے ہیں ان کا بندوبست کرنے کیلئے لندن گئے۔ انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان کے جوان، افسران قومی سلامتی کو محفوظ بنانے اوردہشتگردی کو ختم کرنے کیلئے جانوں کے نذرانے دے رہے ہیں جبکہ حکمران آف شور کمپنیاں بنانے اور لوٹ مار کی دولت ٹھکانے لگانے میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے اپیل ہے کہ وہ معاشی دہشتگردی کے خاتمے کیلئے بلاتاخیر آپریشن کلین اپ شروع کریں۔


تبصرہ