کسی کمیشن کی ضرورت نہیں، وزیراعظم استعفیٰ دیں، جہانگیر ترین/ خرم نواز گنڈاپور
تحریک انصاف کے وفد کی عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹریٹ میں رہنماؤں
سے ملاقات اور میڈیا سے گفتگو
لوٹی گئی دولت واپس اور سانحہ ماڈل ٹاؤن کا مل کر حساب لیں گے۔ چودھری سرور

لاہور (13 اپریل 2016) تحریک انصاف کے سنیئر رہنماؤں جہانگیر ترین اور چودھری سرور نے عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹریٹ میں سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور سے ملاقات کی اور پانامہ لیکس کے بعد پیدا ہونیوالی سیاسی صورتحال اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تفصیلی غور و خوض کیا، تحریک انصاف نے وزیراعظم سے استعفی لینے اور ملکی دولت واپس خزانے میں جمع کرانے کے یک نکاتی ایجنڈے پر تبادلہ خیال کیا۔
بعد ازاں عوامی تحریک کے رہنماؤں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جہانگیر ترین نے کہاکہ اب کسی کمیشن کی ضرورت نہیں، پانامہ لیکس کے حوالے سے جو ثبوت سامنے آئے وہ کارروائی کیلئے کافی ہیں، شریف برادران بھول جائیں کہ کچھ دنوں کے بعد عوام پانامہ لیکس کو بھول جائیں گے۔ کرپشن کے اس عالمی مالیاتی سکینڈل میں ملوث شریف برادران اپنے انجام سے نہیں بچ سکتے، ڈاکٹر طاہر القادری نے ساتھ مل کر پہلے بھی کرپشن اور ظالمانہ نظام کے خلاف بے مثال جدوجہد کی آئیندہ بھی دونوں جماعتیں ملک اور قوم کے وسیع تر مفاد میں شانہ بشانہ چلیں اور سانحہ ماڈل ٹاؤن میں ظلم کرنے والوں سے ملکر حساب لیں گے۔
خرم نواز گنڈاپور نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ تحریک انصاف کے رہنماؤں کے ساتھ مختلف قومی ایشوز پر تبادلہ خیال ہوتا رہتا ہے اور دونوں طرف رہنما آتے جاتے رہتے ہیں، پانامہ لیکس کے حوالے سے دودنوں جماعتوں کا نقطہ نظر ایک جیسا ہے کہ پانامہ لیکس کے بعد وزیراعظم نواز شریف کو اپنے عہدے مزید مسلط رہنے کا کوئی حق حاصل نہیں ہے۔ وہ صادق اور امین نہیں ہیں، الیکشن کمیشن میں شریف برادران نے 2008 اور 2013 میں حلف دیکر غلط گوشوارے جمع کرائے، الیکشن کمیشن کو بھی اپنا آئینی کردار ادا کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہاکہ پانامہ لیکس پر وزیراعظم لاجواب ہیں اب انہیں استعفیٰ دینا ہو گا۔
میڈیا کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سابق گورنر چودھری محمد سرور نے کہاکہ عوام، بھوک سے مر رہے ہیں، غریب کیلئے تعلیم، صحت ہے نہ صاف پانی اور حکمران ملکی دولت لوٹ لوٹ کر لندن میں محلات خرید رہے ہیں، آئس لینڈ، کرغیزستان اور یوکرین کے وزیراعظم کی طرح استعفیٰ دینا ہو گا، انہوں نے کہاکہ وکلاء، سول سوسائٹی، کسانوں، مزدوروں اور عام آدمی کو اس کرپٹ وزیراعظم کے خلاف فیصلہ کن احتجاج کیلئے باہر نکلنا ہو گا۔
عوامی تحریک کی طرف سے وفد میں جی ایم ملک، مرکزی سیکرٹری اطلاعات نور اللہ صدیقی، سیکرٹری کوآرڈینیشن ساجد بھٹی، راجہ زاہد شریک تھے۔


تبصرہ