ن لیگ کے وزراء کرپٹ حکمرانوں کا ساتھ چھوڑ دیں: میجر (ر) محمد سعید
کرپٹ قیادت نامنظور مہم پاکستان کی گلی گلی میں چلنے والی ہے، چیف
آرگنائزر عوامی تحریک
عوامی تحریک کے کارکن سڑکوں پر آنے کیلئے ڈاکٹر طاہرالقادری کے ایک اشارے کے منتظر
ہیں
لاہور
(7 اپریل 2016) پاکستان عوامی تحریک کے چیف آرگنائزر میجر (ر) محمد سعید نے کہا ہے
کہ پانامہ لیکس کے انکشافات کے بعد حکمران جماعت کے وزراء اور اراکین اپنے ضمیر کی
آواز سنیں اور کرپٹ حکومت سے الگ ہو جائیں، آنے والے دنوں میں کرپٹ حکمرانوں کے خلاف
گلی گلی میں تحریک چلنے والی ہے اور پھر حکمرانوں کی ڈوبتی کشتی سے اترنے کی کوشش کرنے
والوں کو عوام قبول نہیں کرینگے۔ قومی خزانے کی لوٹ مار کرنے والے اور ناجائز دولت
کو چھپانے کیلئے آف شور کمپنیاں بنانے والے ملک اور قوم سے وفادار نہیں ہیں۔ وہ گزشتہ
روز مرکزی سیکرٹریٹ میں تنظیمی اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔
میجر (ر) محمد سعید نے کہا کہ پانامہ لیکس نے ہر محب وطن شہری کی نیند چھین لی ہے۔ عوام صدمے میں ہیں کہ جس خاندان کو پاکستان کے عوام نے 3 بار وزیراعظم کا عہدہ دیا وہ خاندان را کے ایجنٹوں کا خیر خواہ اور قومی خزانے کا چور ہے۔ انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف کی وجہ سے نئی نسل کا اخلاق خراب ہورہا ہے انہیں فی الفور عزت کے ساتھ اقتدار سے الگ ہو جانا چاہیے ورنہ بہت جلد ایسا وقت بھی آنے والا ہے کہ ان کے پاس استعفی دینے کی مہلت بھی نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری کا ہر کارکن کرپشن اور ظلم کے خاتمے کیلئے مزید جانی و مالی قربانیاں دینے کیلئے تیار ہے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری بھی کرپٹ نظام اور حکمرانوں کیخلاف فیصلہ کن جدوجہد کیلئے پوری طرح تیار ہیں۔ عوام آئس لینڈ کے لوگوں کی طرح ملک بچانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک کرپٹ حکمرانوں کے خلاف ملک گیر احتجاج کیلئے تیار ہے۔ احتجاج کی ابتدا پنجاب اسمبلی کے باہر احتجاجی مظاہرے سے ہو چکی۔ عوامی تحریک کے کارکن سڑکوں پر آنے کیلئے ڈاکٹر طاہرالقادری کے ایک اشارے کے منتظر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری ہی وہ واحد شخصیت ہیں کہ جن کے دامن پر کرپشن کو کوئی داغ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری کو دنیا ایک سکالر اور ریفارمر کے طور پر جانتی ہے جبکہ موجودہ حکمرانوں کی شہرت آف شور کمپنیاں بنانے والوں کی ہے۔ پانامہ لیکس سے پاکستان مزید بدنام ہوا اور اس کے وقار کو شدید دھچکالگا۔ ملکی اداروں کو قومی ساکھ کی بحالی کیلئے چپ کا روزہ توڑنا ہو گا۔


تبصرہ