وزیراعظم استعفیٰ دیں، حکمران خاندان کی کرپشن سے ملک بدنام ہوا: عوامی تحریک کا مطالبہ
آج 6 اپریل پنجاب اسمبلی کے باہر پانامہ لیکس پر احتجاجی مظاہرے
کا اعلان، جے آئی ٹی تشکیل دینے کا مطالبہ
شریف خاندان اور پاکستان اب ایک ساتھ نہیں چل سکتے، مشاورتی کونسل کے اجلاس سے رہنماؤں
کا خطاب
وزیراعظم کے صاحبزادہ کا آف شور کمپنیاں بنانے کا اعتراف اقبال جرم ہے، خرم نواز گنڈاپور،
میجر (ر) محمد سعید
لاہور
(5 اپریل 2016) پاکستان عوامی تحریک کی مشاورتی کونسل کا ہنگامی اجلاس سیکرٹری جنرل
خرم نوازگنڈاپور کی زیر صدارت مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں پانامہ لیکس
کے بعد پیدا ہونیوالی صورتحال کے پیش نظر مطالبہ کیا گیا کہ حکمران خاندان کی کرپشن
سے ملک بدنام ہوا۔ لہٰذا وزیراعظم فوری طور پر اپنے عہدے سے مستعفی ہو جائیں اور چیف
جسٹس آف پاکستان کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطحی جے آئی ٹی تشکیل دی جائے جس میں ایف
بی آر، ایف آئی اے، آئی ایس آئی اور ایم آئی کے نمائندے شامل ہوں اور جے آئی ٹی کی
رپورٹ آنے تک وزیراعظم اپنے عہدے سے علیحدہ ہو جائیں۔ اجلاس میں سیکرٹری جنرل خرم نواز
گنڈاپور، چیف آرگنائزر میجر(ر) محمد سعید، خواجہ عامر فرید کوریجہ، فیاض وڑائچ، بشارت
جسپال، نوراللہ صدیقی، ساجد بھٹی و دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔ مشاورتی کونسل کے اجلاس
میں فیصلہ کیا گیا کہ حکمران خاندان کی کرپشن کے خلاف ملک گیر احتجاج کیا جائیگا کیونکہ
اب یہ کرپٹ خاندان اور پاکستان ایک ساتھ نہیں چل سکتے۔
خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹر طاہرالقادری نے اسلام آباد دھرنے کے موقع پر ان کرپٹ خاندانوں کی کرپشن اور منی لانڈرنگ سے متعلق جتنے حقائق بھی بیان کیے تھے آج دنیا بھر سے ان کی تصدیق ہورہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو وزیراعظم پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے اپنے بیٹے کو قائل نہیں کر سکتا اسے پاکستان میں حکومت کرنے کا بھی کوئی حق حاصل نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈھٹائی کے ساتھ کہا جارہا ہے کہ ہمارے بیرون ملک کاروبار ہیں۔ انہو ں نے کہا کہ قوم جاننا چاہتی ہے یہ پیسہ کہاں سے آیاکیونکہ جب یہ لوگ پاکستان سے باہر گئے تھے توبقول ان کے خالی ہاتھ گئے تھے تو یہ اربوں، کھربوں ڈالر کہاں سے آئے۔
میجر(ر) محمد سعید نے کہا کہ نیب کرپشن کی روک تھام کے حوالے سے اپنی آئینی ذمہ داریاں پوری کرنے کے قابل نہیں رہا۔ وزیراعظم کے صاحبزادے کا آف شور کمپنیاں بنانے کا اعتراف اقبال جرم ہے، وزراء کرپٹ خاندان کی نوکری کرنے کی بجائے پاکستان کے خادم بنیں۔
خواجہ عامر فرید کوریجہ نے کہا کہ آف شور کمپنیاں بنا کر منی لانڈرنگ اور کالا دھن سفید کرنے والے حکمران آج دنیا کے صف اول کے ٹھگوں، چوروں اور ڈاکوؤں کی صف میں کھڑے نظر آتے ہیں، وزیر اعظم اقتدار میں رہے تو دنیا میں ملک کی جگ ہنسائی کا باعث بنتے رہیں گے، انہوں نے کہاکہ بھارت سمیت بیشتر ممالک میں پانامہ لیکس کی رپورٹ پر تحقیقات کا آغاز ہو چکا ہے لیکن پاکستان کے کرپٹ حکمران ٹس سے مس نہیں ہو رہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان عوامی تحریک حکمرانوں کی کرپشن اور بدیانتی کے خلاف ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے کرے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی وزراء کرپٹ اور بدنام خاندان کی نوکری کرنے کی بجائے اب پاکستان کے خادم بنیں۔


تبصرہ