مشرف کے معاملے میں حکمرانوں نے اچھا بچہ ہونے کا ثبوت دیا: خرم نوازگنڈاپور
آئین کے غدار اور 19 کروڑ عوام کے حقوق کے قاتل ایوانوں میں بیٹھے
ہیں،سیکرٹری جنرل پی اے ٹی
بڑھکیں مارنے والے وزراء عہدوں کے ساتھ ساتھ سیاست بھی چھوڑ دیں
لاہور
(17 مارچ 2016) پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے سابق
صدرجنرل پرویز مشرف کا نام ای سی ایل سے نکالے جانے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ عوام
سرکس کے شیر سے وہ امیدیں وابستہ نہ کریں جس کی امید خود ’’شیر‘‘ کو اپنے آپ سے بھی
نہیں ہوتی۔ آئین کے غدار اور 19 کروڑ عوام کے حقوق کے قاتل تو ایوانوں میں بیٹھے ہیں۔
شریف برادران پرویز مشرف کا بال بھی بیکا نہیں کر سکتے کیونکہ جن کے اپنے نامہ اعمال
سیاہ ہوں وہ دوسروں کے دامن پر داغ کیسے تلاش کر سکتے ہیں؟ انہوں نے کہا کہ میری گذشتہ
ہفتہ کراچی میں سابق صدر سے ملاقات ہوئی وہ بیمار ہیں انہیں فوری موثر علاج کی ضرورت
ہے۔انہوں نے کہاکہ حکومت نے سابق صدر کے معاملے میں ضد نہ کرکے اچھا بچہ ہونے کا ثبوت
دیا۔انہوں نے کہاکہ صدر مشرف کے معاملے میں بڑی بڑی باتیں کرنے والے وزراء بالخصوص
احسن اقبال میں رتی برابر بھی شرم ہے تووہ سیاست چھوڑ دیں۔ جنرل مشرف شریف برادران
کی طرح ڈیل کر کے ملک سے باہر نہیں جا رہے۔


تبصرہ