عوامی تحریک 28 مارچ کو سانحہ ماڈل ٹاؤن اور کرپشن کے خلاف اے پی سی منعقد کرے گی
سیاسی جماعتوں کو اے پی سی میں شرکت کی دعوت دینے کیلئے خرم نواز
گنڈاپور کی صدارت میں کمیٹی تشکیل
اجلاس میں طوفانی بارشوں میں جاں بحق ہونے والے شہریوں کیلئے فاتحہ خوانی، معاوضہ دینے
کا مطالبہ
لاہور
(13 مارچ 2016)پاکستان عوامی تحریک کے زیر اہتمام 28 مارچ کو سانحہ ماڈل ٹاؤن اور حکمرانوں
کی ہوشربا کرپشن کے خلاف آل پارٹی کانفرنس منعقد ہو گی۔ اے پی سی میں شرکت کیلئے خرم
نواز گنڈاپور کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے جو ن لیگ کے سوا تمام سیاسی
جماعتوں کو دعوت دے گی۔ اس حوالے سے گزشتہ روز مرکزی سیکرٹریٹ میں اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی سیکرٹری جنرل خرم نوازگنڈاپور نے کہا کہ اے پی سی میں
اب تک تحریک انصاف، پیپلز پارٹی، فنکشنل لیگ، جماعت اسلامی، مجلس وحدت المسلمین، سنی
اتحاد کونسل کے قائدین سے رابطے ہوئے ہیں اور انہوں نے اے پی سی میں شرکت کی حامی بھری
ہے دیگر جماعتوں سے بھی رابطے جاری ہیں، انہوں نے کہا کہ ظلم اور کرپشن اس حد تک بڑھ
چکا ہے کہ عزت دار لوگوں کیلئے سر اٹھا کر چلنا مشکل ہو گیا ہے، سانحہ ماڈل ٹاؤن حکومتی
ظلم کی بدترین مثال ہے اور کرپشن کی صورتحال یہ ہے کہ قومی خزانے کو دونوں ہاتھوں سے
لوٹنے والے نیب کو دھمکیاں دے رہے ہیں۔ اجلاس میں صوبائی صدور، بشارت جسپال، فیاض وڑائچ،
بریگیڈیئر(ر) محمد مشتاق، مرکزی سیکرٹری اطلاعات نوراللہ صدیقی، سیکرٹری کوآرڈینیشن
ساجد بھٹی نے شرکت کی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی صدر بشارت جسپال نے کہا کہ کرپشن ناانصافی کی وجہ سے پاکستان دن بدن کمزور ہورہا ہے، حکمرانوں نے غیر ملکی قرضے لینے اور کرپشن کرنے کے اگلے، پچھلے تمام ریکارڈ توڑ دئیے ہیں، گردشی قرضوں کی ادائیگی، میٹرو اورنج ٹرین منصوبوں اور یورو بانڈ کی فروخت اور 150 میگا کرپشن کے کیسز میں موجودہ حکمرانوں کا منفی کردار کھل کر سامنے آچکا ہے اور اب محب وطن سیاسی جماعتوں کو بھی کھل کر ملک بچانے اور ظالم نظام کو بھگانے کیلئے فیصلہ کن کردار ادا کرنا ہوگا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جنوبی پنجاب کے فیاض وڑائچ نے کہا کہ مردم شماری کروانے سے انکار کرنے والے حکمران غربت سروے کے ذریعے قوم کی آنکھوں میں دھول نہیں جھونک سکتے، جب تک آبادی کے حقیقی اعداد و شمار مرتب نہیں ہوتے کسی سروے کی کوئی اہمیت نہیں ہے، اجلاس میں طوفانی بارشوں کے نتیجے میں ہونے والی درجنوں اموات پر گہرے دکھ کا اظہار کیا گیا اور مطالبہ کیا گیا کہ متاثرین کی بحالی کے کام کو سرفہرست رکھا جائے اور جاں بحق افراد کے اہلخانہ کو معاوضہ دیا جائے اور تباہ ہونے والے گھروں کی سرکاری خرچ پر تعمیر و مرمت یقینی بنائی جائے، بارشوں سے جاں بحق شہریوں کیلئے اجلاس میں فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔
شمالی پنجاب کے صدر بریگیڈیئر(ر) محمد مشتاق نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ظلم اور کرپشن حدود کی باہر نکل چکی ہے، حکمران کرپشن کرنے کیلئے بلدیاتی اداروں کے فنڈز اور اختیارات انہیں نہیں دے رہے، اگر محب وطن سیاسی جماعتوں نے اب بھی کوئی لائحہ عمل طے نہ کیا تو 1971 ء والے حالات دوبارہ پلٹ سکتے ہیں۔


تبصرہ