عوامی تحریک کاگوجرانوالہ کے ضمنی الیکشن میں تحریک انصاف کی حمایت کا اعلان
28 مارچ کو سانحہ ماڈل ٹاؤن پر آل پارٹیز کانفرنس منعقد کرنے کا
فیصلہ، خرم نواز گنڈاپور کی جہانگیر ترین کے ہمراہ پریس کانفرنس
نیب سندھ تک محدود نہ رہے، سانحہ ماڈل ٹاؤن کو بھولے ہیں نہ اسے بھلایاجا سکتا ہے:
جہانگیر ترین
سانحہ ماڈل ٹاؤن پر اے پی سی ظالم حکمرانوں کے خلاف ایک نئی احتجاجی تحریک کا نکتہ
آغاز بن سکتی ہے، رہنما
دونوں جماعتوں کے رہنماؤں کے اجلاس میں انتقامی کارروائیوں کی مذمت، آزاد کشمیر
الیکشن پر تبادلہ خیال

لاہور (8 مارچ 2016) پاکستان عوامی تحریک نے گوجرانوالہ حلقہ این اے 101 کے ضمنی الیکشن میں تحریک انصاف کے امیدوار کی حمایت اور 28 مارچ کو سانحہ ماڈل ٹاؤن پر آل پارٹی کانفرنس منعقد کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ اعلانات عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نوازگنڈاپور اور تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین کی قیادت میں ملنے والے رہنماؤں کے وفود نے عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹریٹ میں طویل مشاورت کے بعد کیا۔ دونوں جماعتوں کے رہنماؤں کی ملاقات کے دوران سرور خان، عبدالعلیم خان، مجلس وحدت المسلمین کے رہنما ناصر شیرازی، پی اے ٹی کے صوبائی صدر بشارت جسپال، ساجد بھٹی، پی اے ٹی گوجرانوالہ کے صدر بدر الزمان چٹھہ، عوامی تحریک گوجرانوالہ سے ضمنی الیکشن کے امیدوار اسجد حسین دھوتھڑ، امجد مجید بٹ، چودھری نثار شریک تھے۔
دونوں جماعتوں کے رہنماؤں نے سانحہ ماڈل ٹاؤن، حکمرانوں کی کرپشن، نیب کے حوالے سے دھمکی آمیز رویے، انتقامی کارروائیوں اور لاء اینڈ آرڈر کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا، اجلاس کے بعد عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نوازگنڈاپوراور تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین نے رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جہانگیر ترین نے کہا کہ گوجرانوالہ کے ضمنی الیکشن میں حمایت کے اعلان پر عوامی تحریک کی قیادت کے شکر گزار ہیں۔ آزاد کشمیر الیکشن میں بھی دونوں جماعتیں مشاورت کے ساتھ آگے بڑھیں گی، حکمران ہٹ دھرمی، کرپشن، انتقامی کارروائیوں سے باز نہ آئے تو دوبارہ سڑکوں پر بھی آ سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر الیکشن میں بھی دونوں جماعتیں مشاورت کے ساتھ میدان میں اتریں گی۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن پر ہونیوالی اے پی سی میں بھرپور شرکت کرینگے یہ سانحہ انسانی حقوق کی خلا ف ورزی کا بدترین واقعہ ہے، اسے بھولیں گے اور نہ ہی یہ بھلایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب کو صرف سندھ تک محدود نہیں ہونا چاہیے، اسے پنجاب میں بھی آنا چاہیے۔
مجلس وحدت المسلمین کے رہنما ناصر شیرازی نے کہا کہ گلگت بلتستان سمیت ہر جگہ ہمارے ساتھ حکومت انتقامی کارروائیاں کررہی ہے، حکمران آئینی حدود سے باہر نہ نکلیں ورنہ ہمیں اپنا تحفظ کرنا بھی آتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی تحریک اور مجلس وحدت المسلمین گوجرانوالہ میں تحریک انصاف کے امیدوار کی حمایت کررہی ہیں۔
خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن پر اے پی سی ظالم حکمرانوں کے خلاف ایک نئی احتجاجی تحریک کا نکتہ آغاز بن سکتی ہے۔ موجودہ حکمرانوں نے کرپشن کی انتہا کر دی ہے، سانحہ ماڈل ٹاؤن پر انصاف کے تمام راستے بند کردئیے گئے، جنگلہ بس کے بعد مالٹا ٹرین لوٹ مار کا منصوبہ ہے، قومی ایکشن پلان پر عمل کرنے میں حکمران سنجیدہ نہیں ہیں ورنہ شبقدر دہشتگردی جیسے تکلیف دہ واقعات بار بار نہ ہوں، حکمرانوں نے آئینی فوجی عدالتوں کو بدنام کرنے اور ناکام ثابت کرنے کیلئے 7نئی دہشتگردی کی عدالتیں قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، یہ اپنی حرکتوں سے دہشتگردی کے خلاف لڑی جانیوالی جنگ کو طویل سے طویل تر کرنا چاہتے ہیں تاکہ قومی سلامتی کے ادارے داخلی امن قائم کرنے کی جدوجہد میں الجھ کررہ جائیں اور ان کی باری نہ آئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت سرکاری سکول، این جی اوز کے حوالے کر کے آئین کے آرٹیکل 25-A کی خلاف ورزی کررہی ہے، بچوں کو مفت اورلازمی تعلیم دینا این جی اوز کی نہیں حکومت کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ تمام ایشوز 28 مارچ کو ہونے والی اے پی سی میں زیر بحث آئینگے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت صوبہ میں 95 فیصد نجی سکول حکومت کی ہٹ دھرمی کی وجہ سے بند ہیں اور لاکھوں بچوں کا تعلیمی نقصان ہورہا ہے۔ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ حکمران ہٹ دھرمی چھوڑیں اور پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن سے مذاکرات کریں۔ انہوں نے کہا کہ کرپٹ حکمرانوں کی بیڈگورننس کی وجہ سے عوام کا جمہوریت سے اعتماد اٹھ چکا ہے۔
28 مارچ کو سانحہ ماڈل ٹاؤن پر آل پارٹیز کانفرنس منعقد کرنے کا فیصلہ، خرم نواز گنڈاپور کی جہانگیر ترین کے ہمراہ پریس کانف...
Posted by Pakistan Awami Tehreek (PAT) on Tuesday, March 8, 2016


تبصرہ