حکمران عوام دشمن ترقیاتی منصوبوں کے نام پر کمیشن کھانے میں مصروف ہیں، فیاض وڑائچ
پاکستان میں لاکھوں چھوٹے بچے مزدوری کرتے ہیں جوقانوناً بڑا جرم ہے، وفود سے ملاقات میں گفتگو
لاہور
(29 فروری 2016) پاکستان عوامی تحریک جنوبی پنجاب کے جنرل سیکرٹری فیاض وڑائچ نے کہا
ہے کہ پاکستان اور خاص طور پر جنوبی پنجاب میں مہنگائی، بے روزگاری، ناانصافی، لوڈشیڈنگ
کی وجہ سے عوام گردے فروخت کرنے اور خود کشیوں پر مجبور ہیں۔ یزیدی نظام کے خاتمہ اور
حسینی نظام کے نفاذ کیلئے ڈٹ جانے کی ضرورت ہے۔ اب جھکنے کا نہیں بلکہ بڑھ کر حقوق
چھین لینے کا وقت آ گیا ہے، ڈاکٹر طاہر القادری عوام کے حقوق کی جنگ لڑ رہے ہیں، قوم
انکے سنگ ریاست بچانے کیلئے نکلے، جس دن عوام گھروں سے باہر نکلیں گے، حکمران جان لیں
اسی دن ان کے اقتدار کا سورج غروب ہو جائے گا۔ وہ لاہور میں جنوبی پنجاب سے آئے تاجروں،
سیاسی، سماجی اور مذہبی تنظیموں کے وفود سے ملاقات میں گفتگو کر رہے تھے، اس موقع پر
راؤ عارف رضوی، مشتاق نوناری ایڈووکیٹ، ڈاکٹر تنویر اعظم، راجہ زاہداور راجہ ندیم بھی
موجود تھے، انہوں نے کہاکہ ملک کے حالات ظالم حکمرانوں نے اس قدر خراب کر دئیے ہیں
کہ بے بس اور لاچار عوام جسم و روح کا رشتہ قائم رکھنے کیلئے اپنے گردے فروخت کرنے
پر مجبور ہیں، مائیں اپنے جگر گوشوں کو نہروں اور دریاؤں میں پھینک رہی ہیں۔ بھوک کے
ستائے ہوئے لوگ مردوں کا گوشت کھا رہے ہیں۔ حکمران ٹولہ نام نہاد ترقیاتی منصوبوں کے
نام پر کمیشن کھانے میں مصروف ہے، انہوں نے کہاکہ ملک میں 40فی صد سے زائد خاندان غربت
کی لکیر سے نیچے زندگی گزار رہے ہیں، گھروں میں غربت کے ڈیر ے ہیں، حکمرانوں کی نا
اہلیوں کی وجہ سے دو وقت کی روٹی نے بچوں سے بیگ اور کتابیں چھین کر مزدوری پر مجبور
کر دیا ہے۔ پاکستان میں لاکھوں چھوٹے بچے مزدوری کرتے ہیں جوقانوناً بڑا جرم ہے، ذمہ
دار موجودہ حکمران ہیں، انہوں نے کہاکہ عوامی تحریک اس ظالمانہ نظام کو اکھاڑ کر ریاست
مدینہ کا نظام لانا چاہتی ہے جہاں لوگوں کو مساوی حقوق میسر ہونگے، ڈاکٹر طاہر القادری
کی جدوجہد کا مقصد یہ ہے کہ ملک میں کوئی بھوکا نہ سوئے بلکہ ہر کوئی دوسرے کا کفیل
بن جائے۔ انہوں نے کہاکہ جنوبی پنجاب کو الگ صوبہ بنانے کی حمایت کرتے ہیں، عوامی تحریک
کا ایجنڈا ہے کہ ملک میں انتظامی طور پر 35صوبے بنا کر عوام کو انکے حقوق انکی دہلیز
پر دئیے جائیں۔ فیاض وڑائچ نے کہاکہ حکمرانوں نے حالات اس قدر خراب کر دئیے کہ کسی
کی بھی عزت و جان و مال محفوظ نہیں رہی، مفاد پرست سیاست دان ملک کو 67سالوں سے بے
دریغ لوٹ رہے ہیں۔


تبصرہ