ڈاکٹر طاہرالقادری نے قوم کو بتا دیا تھا کہ پاکستان کے کسی طبقے کو سڑکوں پر پرامن احتجاج کی اجازت نہیں رہے گی
پی آئی اے ملازمین کے قتل کے ذمہ دار قاتل حکمران ہیں: عوامی تحریک
اسلام آباد
ملک میں ریاستی دہشت گردی، ظلم و جبر کاقانون ہے، پرویز رشید نے ایک روز قبل دی گئی
دھمکی پر عمل کر کے دکھا دیا
رانا ثناء کی دھمکی کے بعد سانحہ ماڈل ٹاؤن بپا کر کے بتا دیا کہ دہشت گرد حکمران کچھ
بھی کرسکتے ہیں

اسلام آباد (03 فروری 2016ء) پاکستان عوامی تحریک اسلام آباد کے زیراہتمام سانحہ کراچی کے خلاف اور پی آئی اے کے ملازمین کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے میں عوامی تحریک، عوامی تحریک ویمن ونگ، عوامی تحریک یوتھ ونگ، مصطفوی سٹوڈنٹس کے کارکنان نے شرکت کی۔ مظاہرین نے حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ اس موقع پر صدر عوامی تحریک اسلام آباد ابرار رضا ایڈووکیٹ، فاروق بٹ، ویمن لیگ کی عاصمہ عمر، روبینہ سہیل، طیبہ سلیم، اشتیاق میر، ایڈووکیٹ، غلام علی خان، ملک طاہر جاوید، احسان اللہ سیال، اجمل چوہدری، روبینہ سہیل، طیبہ سلیم، نعمان کریم، رانا ساجد حسین، سفیان صابر، صدیق بٹ اور محمد سلیم نے خطاب کیا۔ مقررین نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے بعد حکمرانوں کے ہاتھ کھل گئے ہیں۔ بے گناہ عوام کو قتل کرنا حکمرانوں کا مشغلہ بن چکا، حکمرانوں کے نزدیک انسانیت کی کوئی اہمیت نہیں ہے۔ پرویز رشید نے ایک روز قبل دھمکی دی اور کہا کہ احتجاج کرنے والوں کے خلاف سخت کاروائی اور نوکریوں سے برطرف کر دیا جائے گا اس پر عمل کر کے دکھا دیا۔ اسی طرح پنجاب کے عذیربلوچ رانا ثناء نے کہا تھا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری اور ان کے کارکنوں کے جن نکال دیں گے، تو سانحہ ماڈل ٹاؤن بپا کر کے بتا دیا کہ دہشت گرد حکمران کچھ بھی کر سکتے ہیں۔
مقررین نے کہا کہ شہداء ماڈل ٹاؤن کو انصاف مل جاتا تو درندہ صفت حکمرانوں کو مزید بے گناہوں کی جانیں لینے کی جرات نہ ہوتی۔ انہوں نے پی آئی اے کے ملازمین کے پرامن احتجاج پر فائرنگ کی شدید الفاظ میں مذمت اور بے گناہوں کی اموات پر دلی دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں بدترین جمہوری آمریت قائم ہے، جمہوریت کے نام پر کالاقانون نافذ ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں پی آئی اے کے ملازمین کو قتل کرنے کے باوجود وزیراعظم، وزیراطلاعات اور دیگر حکومتی نمائندوں کا سخت رویہ قابل مذمت اور قابل گرفت ہے۔ گزشتہ روز راولپنڈی میں ایئرپورٹ پر بھی پی آئی اے ملازمین کے احتجاج کو ثبوتاژ کرنے کے لئے گرفتاریاں اور تشدد غیر جمہوری عمل ہے۔
عوامی تحریک کے رہنماؤں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے بہت پہلے قوم کو آگاہ کردیا تھا کہ آنے والے حکمران عوام سے احتجاج کا حق بھی چھین لیں گے۔ پاکستان کے کسی طبقے کے لوگوں کو سڑکوں پر پرامن احتجاج کی اجازت نہیں رہے گی۔ پی آئی اے کے ملازمین کو احتجاج سے روکنے کے لئے کئی برسوں پرانا کالاقانون لازمی سروس ایکٹ لاگو کر کے جمہوریت کی دھجیاں اڑائی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کے دن گنے جاچکے ہیں، بہت جلد ظالم حکمران اپننے خوفناک انجام کو پہنچیں گے۔


تبصرہ