شہیدوں کا خون حکمرانوں کے ظلم و بربریت کے اقتدار کے خاتمے کا سبب بنے گا: انجینئر محمد رفیق نجم

فیصل آباد (17 جنوری 2016) تحریک منہاج القرآن کے مرکزی نائب ناظم اعلیٰ انجینئر محمد رفیق نجم نے کہا ہے کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن ریاستی دہشت گردی کی وہ بدترین مثال ہے جسکے سامنے انسانیت شرمندہ ہے۔ حکمران سن لیں شہدا کا خون رنگ لائے گا۔ شہیدوں کے خون کا قطرہ قطرہ حکمرانوں کو انکے انجام بد تک پہنچائے گا۔ انصاف کیلئے ہر حد تک جائینگے، معصوم شہریوں کے خون کا بدلہ لیں گے، قانون کے مطابق قصاص ہو گا۔ شہیدوں کا خون حکمرانوں کے ظلم و بربریت کے اقتدار کے خاتمے کا سبب بنے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحریک منہاج القرآن پی پی 69، 70 کی ٹریننگ ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ورکشاپ میں ضلعی ناظم رانا رب نواز انجم، غلام محمد قادری، میاں امجد قادری، خالد رفیق سندھو، جعفر حسین گجر، دلبر حسین قادری، محمد اعجاز ترہانہ، الطاف حسین طاہر، ملک سرفراز قادری، طاہر محبوب، غلام یاسین، اشتیاق نعیم، حافظ محمد اجمل وجملہ عہدیدران کا رکنان نے شرکت کی۔
انہوں نے کہاکہ تحریک منہاج القرآن کے کارکنا ن ظالم نظام کی تبدیلی کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں۔ قاتل اور لٹیرے حکمرانوں کے خاتمے تک آئینی اور پر امن جدوجہد جاری رہے گی، سانحہ ماڈل ٹاؤن میں خون کی ہولی کھیل کر حکمران سمجھ رہے تھے کہ تحریک کی قیادت اور کارکن خوفزدہ ہو جائینگے تو وہ سن لیں یہ انکی بھول ہے، انقلابی کارکنوں کے جذبہ میں رتی برابر بھی کمی نہیں آئی بلکہ کئی گنا اضافہ ہوا ہے، شہدا کے خون کا ایک ایک قطرہ ایک ایک قاتل کے گلے کا پھندا ثابت ہو گا۔


تبصرہ